تمام 5 ونڈے سیریز میں کامیابی ، ویراٹ کوہلی کے 358 رنز ، امیت مشرا 2 سیریز میں 5 وکٹس حاصل کرنے والے بولر
وشاکھاپٹنم ۔ 30 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف پانچواں اور آخری ونڈے انٹرنیشنل میچ کل جیت کر سیریز اپنے نام کرلی۔ دونوں ٹیموں کا یہ مقابلہ جہاں کافی دلچسپ رہا وہیں یہ سیریز کئی لحاظ سے منفرد بھی رہی۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے مابین سیریز کی چند اہم خصوصیات اس طرح ہیں:
٭ ہندوستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہندوستان میں تمام پانچ باہمی ونڈے انٹرنیشنل سیریز میں کامیابی حاصل کی۔ ہندوستان نے 1988-89ء میں 4-0 ‘ 1995-96ء میں 3-2 ‘ 1999-2000ء میں 3-2، 2010-11ء میں 5-0 اور 2016-17ء میں 3-2 سے کامیابی حاصل کی۔
٭ نیوزی لینڈ کی چوتھے میچ میں 190 رنز سے شکست ونڈے انٹرنیشنل میچس کی اب تک چوتھی سب سے بڑی شکست رہی۔ ٹاپ 3 ٹیموں میں آسٹریلیا کے مقابلے 215 رنز سے اور انگلینڈ کے خلاف 210 رنز اور ویسٹ انڈیز کے خلاف 203 رنز سے شکست ہوئی تھی۔
٭ نیوزی لینڈ کو سابقہ سب سے بڑی شکست 1999ء میں حیدرآباد میں ہندوستان کے خلاف 174 رنز سے ہوئی تھی۔
٭ ہندوستان کی 190 رنز سے کامیابی ونڈے انٹرنیشنل میچس میں نیوزی لینڈ کے خلاف اب تک کی سب سے بڑی اور مجموعی طور پر چوتھی کامیابی رہی۔ ہندوستان نے 19 مارچ 2007ء کو برموڈا کو 257 رنز سے ہرایا تھا۔
٭ نیوزی لینڈ نے 23.1 اوورس کا سامنا کیا جو ونڈے انٹرنیشنل میچس میں اب تک کے سب سے کم اوورس رہے۔ اس سے پہلے پاکستان کے خلاف سنگاپور میں 20 اگست 2000ء کو اس نے 24.4 اوورس کا سامنا کرتے ہوئے 179 رنز بنائے تھے۔ نیوزی لینڈ کا 79 پانچواں اقل ترین ونڈے انٹرنیشنل میچ رہا۔ ہندوستان کے خلاف بھی یہ اقل ترین اسکور تھا جبکہ اس سے پہلے 10 ڈسمبر 2010ء کو چینائی میں بنائے گئے 103 رنز اقل ترین تھے۔ نیوزی لینڈ کا سب سے اقل ترین اسکور 15 اپریل 1986ء کو شارجہ میں پاکستان کے خلاف 64 رنز رہا۔
٭ نیوزی لینڈ نے آخری 8 وکٹس صرف 16 رنز کے عوض گنوائے۔ ایک مرحلہ پر 63/2 اسکور کے بعد ساری ٹیم 79 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ یہ دوسرا اقل ترین اسکور رہا۔ اس لحاظ سے کہ آسٹریلیا کے خلاف 1990ء میں اس نے 15 رنز کے عوض 8 وکٹس گنوائے تھے۔ اس وقت بھی ٹیم 79/2 اسکور کے بعد 94 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی ۔
٭ ہندوستان کی اوپننگ جوڑی 12 متواتر میچس میں 50 رنز کی پارٹنرشپ نبھا نہیں سکی۔ دو سال قبل شکھر دھون اور اجنکیا راہانے نے سری لنکا کے خلاف نصف سنچری پارٹنرشپ نبھائی تھی۔
٭ ہندوستانی اسپنرس نے 26 وکٹس لئے اور 18.53 اوسط رہا۔ پانچ میچس کی سیریز میں یہ بہترین اوسط قرار دیا گیا جبکہ 24 وکٹس کے نشانہ کو ٹیم نے عبور کرلیا ہے۔
٭ ویراٹ کوہلی نے 5 اننگز میں 358 رنز بنائے جن میں ایک سنچری اور دو نصف سنچری شامل ہیں۔ ان کا اوسط 119.33 رہا۔ کسی بھی ونڈے سیریز میں یہ اب تک کا ان کا سب سے زیادہ اوسط ریکارڈ کیا گیا۔
٭ امیت مشرا کے 15 وکٹس (اوسط 14.33 ) ، نیوزی لینڈ کے خلاف ونڈے سیریز میں کسی بھی بولر کا بہترین اوسط رہا۔
٭ مشرا ہندوستان کے واحد بولر رہے جنہوں نے باہمی سیریز میں 2 مرتبہ 15 وکٹس حاصل کئے۔ اس سے پہلے 2013ء میں زمبابوے کے خلاف انہوں نے 5 میچس میں 18 وکٹس لئے تھے۔