نئی دہلی 20 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )دہشت گرد اور انتہا پسند ہندوستان کے جمہوری اور سیکولر تانے بانے پر حملہ کرنا چاہتے ہیں اور وہ ہر شخص کو پریشان کرنا جاری رکھیں گے۔مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے نے کہا کہ ملک کو لاحق خطرہ صرف روایتی نوعیت کے نہیں ہیں بلکہ چند دنوں سے نامعلوم علاقوں ،طریقوں اورمقاصد سے ابھر رہے ہیں۔صیانتی محکموں کو اس جنگ کیلئے تیاررہنا چاہئے وہ قومی محکمہ تحقیقات کی یوم تاسیس تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہندوستان کے وجود کی بنیادی اقدار ہیںجو تمام شہریوں کو متحد رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا چاہئے اور انہیں بہتر بناکر مہارت میں تبدیل کردینا چاہئے تا کہ انتہائی غیر معمولی خطروں کا سامنا کرسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی آزادی ،جمہوریت اور سیکولرازم کی اقدار سخت محنت کے بعد حاصل کی ہیں اور ان کا تحفظ ہر ایک شہری کا فرض ہے۔مرکزی وزیر داخلہ نے این آئی اے کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس نے نہ صرف اپنے بانیوں کی توقعات کی تکمیل کی ہیں بلکہ خود کو اولین انسداد دہشت گردی تحقیقاتی محکمہ بھی ثابت کیاہے۔سابق معتمد داخلہ آر کے سنگھ اور عام آدمی پارٹی کے عائد کردہ کرپشن کے الزامات پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے شنڈے نے آج چیلنج کیا کہ اگر ان دونوں کے پاس کرپشن کا کوئی ٹھوس ثبوت ہوں تو اسے برسر عام ظاہر کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی بھی قسم کے نتائج کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں۔ وہ این آئی اے کی یوم تاسیس تقریب کے موقع پر علحدہ طور پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ آج عام آدمی پارٹی مرکزی وزیر داخلہ کی قیام گاہ کے روبرو چند پولیس عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے دھرنا دے رہی ہے۔
دہلی کے ریاستی وزیر قانون سومناتھ بھارتی نے سابق معتمد داخلہ کے حوالہ سے الزام عائد کیا تھا کہ دہلی پولیس میں بڑے پیمانے پر کرپشن پھیلا ہوا ہے اور سشیل کمار شنڈے بھی اس میں ملوث ہیں۔مرکزی وزیر ششی تھرور کی بیوی سنندا پشکر کی پُر اسرار حالت میں موت کے بارے میں وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے نے کہا کہ پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ سنندا پشکر کی موت کی تحقیقات عاجلانہ بنیادوں پر کی جائیں۔ مرکزی وزیر برائے فروغ انسانی وسائل ششی تھرور نے مجھے مکتوب روانہ کرتے ہوئے اپنی فکر مندی کا اظہار کیا تھا اور عاجلانہ تحقیقات کی خواہش ظاہر کی تھی۔ شنڈے نے کہا کہ وہ متعلقہ افراد سے پہلے ہی بات چیت کرچکے ہیںاور متعلقہ عہدیدار ان کی ہدایت پر عمل کررہے ہیں۔ مرکزی وزیر مملکت برائے فروغ انسانی وسائل ششی تھرور نے مرکزی وزیرداخلہ کے نام اپنے مکتوب میں اپنی 52 سالہ بیوی سنندا کی موت کی عاجلانہ تحقیقات میں شنڈے کے تعاون کی توقع ظاہر کی تھی اور کہا تھا کہ ذرائع ابلاغ میں جو خبریں شائع ہورہی ہیں وہ ہولناک ہیں۔ اس لئے وہ چاہتے ہیں کہ تحقیقات کا نتیجہ جلد از جلد منظر عام پر آجائے۔