ہندوستان کے دورہ آسٹریلیا کا آج ٹوئنٹی 20 سے آغاز

برسبین۔20 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا مشکل آسٹریلیائی دورہ جمعرات سے یہاں ٹوئنٹی 20 سیریز کے پہلے مقابلے سے شروع ہوگا جس میں ویراٹ کوہلی کی کپتانی میں مہمان ٹیم کامیاب آغاز کرنا چاہے گی تاکہ آئندہ میچوں میں اس کا حوصلہ بلند رہیں ۔برسبین کے گابا میں دنیا کی دوسری درجہ کی ہندستانی ٹیم تیسری مقام کی آسٹریلیا کی تیز اور اچھال بھری مشکل وکٹوں پر اس کے مضبوط بیٹنگ اور بولنگ کے دم پر کامیابی درج کرنا چاہے گی۔ ونڈیز کے خلاف گھریلو ٹوئنٹی 20 سریز سے باہر رہے کپتان کوہلی کی ٹیم میں واپسی سے بھی ہندستانی ٹیم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ دوسری طرف آسٹریلیائی ٹیم بال ٹیمپرنگ تنازعہکے بعد سے اپنے بہترین کھلاڑیوں کی غیر موجودگی پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ اس کے اسٹار بیٹسمینوں میں اسٹیون اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اورکیمرون بینکرافٹ ٹیم سے باہر ہیں جبکہ ٹیم مینجمنٹ میں بھی اتھل پتھل سے اتنا متاثر کن نہیں مانا جا رہا ہے جتنی وہ چار سال پہلے تھی۔ روہت شرما کی کپتانی میں ہندستان نے حال ہی میں اپنی پچھلی تین میچوں کی ٹوئنٹی20 سریز کو3-0 سے کلین سویپ کیا جبکہ اس سال آسٹریلیا کو یو اے ای میں پاکستان کے خلاف ٹوئنٹی 20 سیریز میں0-3 سے وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ اس کے علاوہ ٹوئنٹی20 سیریز میں ہی ہندستان نے 2015-16 میں گزشتہ آسٹریلیا ئی دورے میں میزبان ٹیم کو کلین سوئپ کیا تھا اور 3-0 سے جیت اپنے نام کی تھی۔ ہندستان کا آسٹریلیا کے خلاف ٹوئنٹی20 فارمیٹ میں ریکارڈ بھی شاندار رہا ہے اور دونوں کے درمیان15 ٹوئنٹی 20 میچوں میں ہندستان نے10 جبکہ میزبان ٹیم نے پانچ ہی جیتے ہیں۔ سال2017-18 میں آسٹریلیا نے ہندستان کے دورے میں تین میچوں کی اپنی ٹوئنٹی 20 سیریزکو1-1 سے ڈرا کیا تھا لیکن اس کے بعد سے اس نے اپنی تمام ملکی اور غیر ملکی ٹوئنٹی 20 سیریز جیتی ہیں اور اگر وہ آسٹریلیا میں بھی موجودہ ٹوئنٹی 20 سریز جیت جاتا ہے تو یہ اس کی اس فارمیٹ میں مسلسل ساتویں سیریز جیت ہو گی۔ ہندوستانی ٹیم کا اس سال بیرون ملک دورے میں بھی ٹوئنٹی 20 میں بہترین نتیجہ رہا ہے اور اس نے آئر لینڈ کے خلاف 2-0 سے اور انگلینڈ کے خلاف سریز 2-1 سے جیتی تھی۔ وہیں گھریلو سیریز میں ونڈیز کے خلاف 3-0 سے کلین سویپ کے بعد ہندستانی ٹیم آسٹریلیا کو اسی کی زمین پر شکست دینے کے لیے پوری طرح تیار دکھائی دے رہی ہے ۔کل کے مقابلے میں رشبھ پنت کو وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری دی گئی ہے اور کارتک بیٹسمین رہیں گے۔