کراچی /21 مئی ( پی ٹی آئی ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے آئی سی سی چیمپینس ٹرافی میں ہندوستان کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلے کے ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کٹر حریف ہندوستان کے خلاف کھیلا جانے والا ہر مقابلہ اہمیت کا حامل ہوتا ہے ۔ محمد حفیظ نے آئیر لینڈ میں میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی چیمپینس ٹرافی میں ہندوستان کے خلاف کھیلے جانے والے اہم مقابلے کیلئے بے چین ہیں تاکہ اس مقابلے میں بہتر مظاہرہ کے ذریعہ ٹورنمنٹ کے ناک آوٹ مرحلے میں رسائی حاصل کی جاسکے ۔ پاکستانی ٹیم فی الحال آئیر لینڈ میں موجود ہے جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف ون ڈے سیریز میں شرکت کرے گی ۔ جس کے بعد چیمپینس ٹرافی کا آغاز ہوگا اور آئی سی سی کے اس ٹورنمنٹ کے دوران 15 جون کو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مقابلہ کھیلا جائے گا ۔ پاکستانی ٹوئنٹی 20 ٹیم کے کپتان محمد حفیظ نے کہا ہے کہ ہندوستان کے خلاف ہمیشہ ہی ہر مقابلہ اہم ہوتا ہے جس کیلئے کھلاڑی بے صبری سے انتظار کرتے ہیں ۔ تاہم چیمپینس ٹرافی میں پاکستانی ٹیم ہر مقابلے کو مکمل دلچسپی کے ساتھ کھیلے گی ۔ ہندوستان کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلے کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ ہندوستان کے خلاف جب بھی مقابلہ ہوتا ہے تو ماحول کافی گرم جوشانہ ہوتا ہے اور دونوں ہی ٹیم کے کھلاڑی اپنی صد فی صد کارکردگی کے خواہاں ہوتے ہیں ۔ انگلش وکٹوں پر ہندوستان کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلے کی اپنے منفرد اہمیت کے متعلق حفیظ کا کہنا ہے کہ یہاں بیرونی ملک منعقد شدنی مقابلے میں ماحول انتہائی مختلف اور پرجوش ہوگا کیونکہ انگلینڈ میں پاکستانی عوام کی ایک بڑی تعداد موجود ہے اور مقابلے کے وقت میدان پر شائقین کی ایک بڑی تعداد ایشائی ٹیموں کی حمایت کیلئے موجود رہے گی ۔ حفیظ نے چیمپینس ٹرافی سے قبل آئر لینڈ سے کھیلے جانے والے مقابلوں کو ٹیم کیلئے سود مند قرار دیا ہے ۔ چونکہ چیمپینس ٹرافی کیلئے آغاز سے قبل یہاں کی وکٹوں کی کھیلے جانے والے مقابلوں سے کھلاڑیوں کو اہم ٹورنمنٹ کی تیاری کا موقع ملے گا ۔ 2010 دورہ انگلینڈ کے ضمن میں حفیظ نے کہا کہ گذشتہ مرتبہ جب پاکستان نے انگلینڈ کا دورہ کیا تھا تو یہاں ونڈے سیریز میں ٹیم نے بہتر مظاہرہ کیا تھا لیکن اس کے بعد اسپاٹ فکسنگ کی وجہ سے پاکستان مشکل دور سے گذرنا پڑا ۔ 32 سالہ حفیظ نے ٹیم میں سینئیر کھلاڑیوں یونس خان ، شاہد آفریدی اور عمر گل کی عدم موجودگی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ سینئیر کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کے باوجود ٹیم میں باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں ۔ محمد عرفان اور جنید خان ٹیم کیلئے کلیدی بولر ثابت ہوں گے جبکہ سعید اجمل کا کردار بھی کافی اہم ہوگا کیونکہ عرفان اور جنید نئی گیند کے ماہر بولر ہیں ۔