ڈھاکہ ۔30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش نے 17 سال کے بعد ہندوستانی سرزمین پر پہلی مرتبہ ٹسٹ کھیلنے کیلئے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ سلیکٹر حبیب البشر نے کہا ہے کہ مہمان ٹیم معیاری اسپنرز کے معاملے میں خود کفیل ہو چکی ہے۔ حالیہ انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کو 17 سال قبل ٹسٹ کھیلنے کا درجہ ملا اور اب ان کی ٹیم ہندوستان کے خلاف اس کی سرزمین پر پہلا ٹسٹ کھیلے گی جو مشفق الرحیم کے لئے آسان ثابت نہیں کیونکہ ویراٹ کوہلی کی زیر قیادت ٹیم دنیا کی بہترین ٹیموں میں سے ایک ہے۔ حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن کوہلی، مرلی وجے ،چیتشور پجارا سمیت دیگر کھلاڑیوں کی موجودگی سے بہت مضبوط ہوگئی ہے۔ان سب عوامل کے باوجود بھی دورہ ہند میں وہ بنگال ٹائیگرزسے اچھی کارکردگی کی امید رکھتے ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہندوستان اپنے ہوم گراؤنڈ پر بہت مضبوط ٹیم ہے اور گزشتہ اٹھارہ میچوں میں ناقابل شکست رہی لیکن اگر وکٹیں اسپنرز کیلئے سازگار ہوئیں تو پھر بنگلہ دیش کی بھی کامیابی کے امکانات روشن ہوجائیں گے۔ حبیب البشر نے اعتراف کیا کہ ہندوستان کے خلاف واحد ٹسٹ میں سخت مقابلہ ہو گا جبکہ دورہ نیوزی لینڈ بہت مشکل تھا لیکن مذکورہ ٹور کا تجربہ ہندستان میں کام آئے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ کی مشکل حالات کے برعکس ہندوستان کی وکٹوں پر کھیلنا قدرے آسان ہے۔ اس لئے بھی بنگلہ دیشی ٹیم سے بہترین کارکردگی کی امید ہے۔