ہندوستان کے خلاف مقدمہ کی تیاری کرلی

 

کراچی۔29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) چیئرمین پی سی بی شہریارخان نے اپنی مدت ملازمت میں آخری مرتبہ پی سی بی گورننگ بورڈ کے اجلاس کی صدارت کی اور اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کیخلاف سیریز نہ کھیلنے پر ہندوستانی بورڈ کیخلاف مقدمہ تیار کرکے آئی سی سی کی ڈسپیوٹ کمیٹی میں بھیج دیا ہے جس پر جلد کارروائی شروع ہوگی۔پی سی بی نے ڈیڑھ ارب روپیہ ہندوستان کے ساتھ کیس لڑنے کے لیے مختص کردیا ہے۔ ہندوستان کیساتھ باہمی کرکٹ شروع نہ ہونے پر افسوس ہے۔ پڑوسی بورڈ نے کہا ہے کہ ہم کھیلنا چاہتے ہیں لیکن حکومت اجازت نہیں دے رہی، انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کی جیت میں کپتان سرفراز احمد نے اہم کردار ادا کیا، پاکستان ٹیم دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ شہریارخان نے کہا کہ ورلڈ الیون کے دورہ کی ابھی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ ورلڈ الیون انتظامیہ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی اجازت تک کچھ حتمی نہیں کہہ سکتے۔ اجازت مل جاتی ہے تو دورہ بارہ ستمبر سے ہو گا اوراس حوالے سے جائلز کلارک کو آگاہ کر دیا ہے۔ شہریار خان نے کہا کہ ملک میں نئی خواتین کرکٹرز سامنے نہیں آرہی، موجودہ ٹیم گزشتہ دس سال سے کھیل رہی ہے یہی وجہ ہے کہ موجودہ خواتین ٹیم میں اب جذبہ نہیں رہا اس لئے ورلڈ کپ میں بدترین کارکردگی دیکھنے کو ملی۔
اکشے کمار بنگال واریئرز کے مالک
ممبئی۔29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )پروکبڈی لیگ کی فرنچائز بنگال واریئرز نے بالی ووڈ ادا کار اکشے کمار کے ساتھ معاہدہ کا باضابطہ اعلان کردیا۔گزشتہ سیزن میں ووڈ اسپون حاصل کرنے والی کولکتہ کی فرنچائز نے 18رکنی اسکواڈ میں ردو بدل کرتے ہوئے پانچویں ایڈیشن کیلئے صرف دو کھلاڑیوں کو برقرار رکھا ہے۔ اکشے کمار نے کہا وہ بنگال واریئرز کی ملکیت پر فخر محسوس کررہے ہیں اور رواں میں کامیابی کی توقع ہے۔