کراچی۔4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ایگزیکٹو کمیٹی چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ حالیہ نوازشریف اور نریندرمودی ملاقات کے بعد تین سے چھ ماہ میں مودی حکومت سے بی سی سی آئی کو ہند۔پاک سیریز کی اجازت ملنے کی امید ہے۔ خیال رہے کہ ہندوستانی وزیراعظم 25 دسمبر کو پاکستان کے مختصر دورے پر آئے تھے جس کے دوران انہوں نے شریف خاندان کی رہائش گاہ کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود افراد سے ملاقات کی۔ مودی کے اچانک دورہ پاکستان کے بعد نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کی امید پیدا ہوگئی بلکہ کرکٹ روابط بحال ہونے کی بھی توقع کی جارہی ہے۔ کراچی میں اسٹیٹ بینک اسپورٹس کمپلیکس میں کرکٹ پویلین کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں نجم سیٹھی نے کہا بی سی سی آئی ہند۔پاک سیریز کے لئے پوری طرح تیار تھا لیکن مودی حکومت کی حریف ٹیم کو سے اجازت نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں وزرائے اعظم کی حالیہ ملاقات کے بعد امید ہے کہ رواں سال مختصر پاک۔ہند کرکٹ سیریز منعقد ہوجائے گی۔علاوہ ازیں نجم سیٹھی نے کہا کہ فاسٹ بولر محمد عامر کی ٹیم میں واپسی کے حوالے سے عوامی دباؤ تھا جس کے بعد ان کو دورہ نیوزی لینڈ کے لئے ٹیم میں شامل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ محمد عامر کو اب ساتھی کھلاڑیوں سے بہتر رہنے کے علاوہ کسی تنازعہ سے بچنا ہوگا۔علاوہ ازیں لیگ اسپنر یاسر شاہ سے متعلق نجم سیٹھی نے کہا کہ بورڈ ان کی بھرپور مدد کررہا ہے کوشش ہے کہ سزا کم سے کم ہو۔یاسر شاہ کا ڈوپ ٹسٹ گزشتہ ہفتے مثبت آیا تھا جس کے بعد انہیں آئی سی سی نے معطل کردیا اور اب ان پر طویل پابندی کا خدشہ ہے۔