ہندوستان کے خلاف سیریز ‘ آسٹریلیائی ٹیم کا اعلان

سڈنی۔4جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا نے آج فاسٹ بولروں کو ترجیح دیتے ہوئے ہندوستان کے خلاف ابتدائی تین ونڈے مقابلوں کیلئے معلنہ 13رکنی ٹیم سے سینئرآل راؤنڈر شین واٹسن کو نظرانداز کرنے کے علاوہ صف اول کے اسپنر نیتھن لین کو ٹیم سے خارج کردیا ہے ۔ سلکٹروں کی جانب سے ہندوستان کے خلاف ابتدائی تین مقابلوں کیلئے جو ٹیم منتخب کی گئی ہے اس کی اصل وجہ پرتھ ‘ ملبورن اور سڈنی کی وکٹیں ہیں جو کہ فاسٹ بولروں کیلئے سازگار ہوتی ہیں ‘ لہذا کم از کم ابتدائی تین مقابلوں کیلئے ٹیم میں مخصوص اسپنر کی ضرورت نہیں ہے اس لئے لیون کو شامل نہیں کیا گیا ہے ۔ پانچ مقابلوں کی ونڈے سیریز کے ابتدائی تین مقابلوں کیلئے سلکٹروں نے غیر معروف بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر جوئیل پیرس کو بھی ٹیم میں شامل کیا ہے جو کہ گیند کو دونوں جانب اچھی طرح سوئنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ علاوہ ازیں اسکوڈ بولینڈ اور کین رچرڈسن کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو کہ آخری مرتبہ 2014ء میں کینبرا میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیم کی نمائندگی کی تھی ۔ آسٹریلیائی ٹیم کیلئے حالیہ دنوں میں نمبر ایک بولر کی حیثیت حاصل کرنے والے میچل اسٹارک کے زخمی ہوکر باہر ہونے کے بعد نیتھن کلٹرنائل اور پیٹرسیڈل کو موقع دیا گیا ہے ۔ جن کے ساتھ بولینڈ اور پیرس فاسٹ بولنگ شعبہ کے اہم نام ہوں گے ۔ 34سالہ آل راؤنڈر شین واٹسن جنہوں نے 190مقابلوں میں آسٹریلیائی ونڈے ٹیم کی نمائندگی کی ہے اور وہ ورلڈ کپ کی ٹیم میں بھی شامل تھے لیکن گذشتہ برس ستمبر میں انہوں نے ٹسٹ سیریز سے اس اُمید کے ذریعہ سبکدوشی اختیار کی تھی کہ وہ محدود اوور کی کرکٹ میں اپنے کریئر کو تول دیں گے لیکن سلکٹروں نے انہیں نظرانداز کردیا ہے جس کے بعد واٹسن کے کریئر پر سوالیہ نشان گہرا ہوچکا ہے ۔ آسٹریلیائی ٹیم کے آل راؤنڈ شعبہ میں جیمس فالکنر کی واپسی ہوئی ہے جو انگلینڈ کے خلاف گذشتہ ونڈے سیریز میں نشہ کی حالت میں ڈرائیونگ کی وجہ سے ٹیم سے باہر رہے تھے ۔ اس شعبہ میں گلین میکس ویل اور میچل مارش دیگر دو آل راؤنڈرس ہوں گے ۔ دریں اثناء سلکٹروں کے چیرمین راڈ مارش نے کہا ہے کہ اسکاٹ اور پیرس دونوں نے حالیہ عرصہ میں بہترین کارکردگی دکھائی ہے لہذا وہ آسٹریلیائی ٹیم میں شامل کئے جانے کے مستحق ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسکاٹ مسلسل بہترین مظاہروں کے ذریعہ سلکشن پیانل کو متاثر کیا ہے ۔ خاص کر کے رواں سیزن اسٹیٹ وکٹوریہ کے لئے انہوں نے بہترین بولنگ کی ہے اور اب اعلیٰ سطح پر انہیں موقع دیا جانا چاہیئے ۔ علاوہ ازیں پیرس ابھرتے نوجوان بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ہیںجو نہ صرف گیند کو سوئنگ کروانے کے علاوہ محدود اوورس کی کرکٹ میںمتاثرکن اعداد و شمار کے ذریعہ بولنگ کررہے ہیں ۔ سلکٹرٹری اوور ہانس نے کہا ہے کہ اسپنر لیون کو ٹیم میں شامل نہ کئے جانے کا مطلب یہ نہیں کہ انہیں مستقبل میں طلب نہیں کیا جائے گا بلکہ محدود اوور کی کرکٹ میں میکس ویل اسپن کی ذمہ داری نبھائیں گے ۔