کانپور 26 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بولروں کی کفایتی بولنگ، اوپنرس کی برق رفتار شروعات اور کپتان ایان مورگن کی نصف سنچری کی بدولت انگلینڈ نے یہاں منعقدہ پہلے ٹوئنٹی 20 مقابلے میں مطلوبہ نشانہ 11 گیندیں قبل ہی حاصل کرتے ہوئے نہ صرف 7 وکٹوں کی کامیابی حاصل کی بلکہ تین مقابلوں کی سیریز میں 1-0 کی سبقت بھی حاصل کرلی۔ مہمان کپتان مورگن نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو بیٹنگ کے لئے مدعو کیا جہاں پہلی مرتبہ ٹیم کی ٹوئنٹی 20 میں قیادت کرنے والے ویراٹ کوہلی نے لوکیش راہول کے ہمراہ اننگز کا آغاز کیا۔ ہندوستانی ٹیم مقررہ 20 اوورس میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز اسکور کر پائی جس میں سریش رائنا نے 23 گیندوں میں 4 چوکوں اور اننگز کا واحد چھکا لگاتے ہوئے 34 رنز بنائے۔ مہیندر سنگھ دھونی 27 گیندوں میں 3 چوکوں کے ہمراہ ناقابل تسخیر 36 رنز اسکور کرپائے لیکن وہ آخری اوورس میں اپنا معیاری دھماکو مظاہرہ نہیں کرسکے۔ کپتان کوہلی نے 26 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 29 رنز اسکور کئے۔ مہمان بولروں میں معین علی نے کوہلی کو آؤٹ کرنے کے علاوہ لوور آرڈر میں منیش پانڈے کو بھی پویلین کی راہ دکھائی۔ معین علی 4 اوورس میں 21 رنز کے عوض 2 جبکہ مائلس، جارڈن، پلنکٹ اور اسٹوک نے فی کس ایک وکٹ حاصل کرتے ہوئے ٹیم میں موجود ماہر اسپنر عادل رشید کو بولنگ کا موقع ہی نہیں دیا۔ جوابی اننگز میں جیسن رائے (19) اور بلنگس نے 10 گیندوں میں (22) رنز اسکور کرتے ہوئے چوتھے اوور میں ہی پہلی وکٹ کے لئے 42 رنز بنا دیئے۔ مورگن نے 38 گیندوں میں ایک چوکے اور 4 چھکوں کی مدد سے 51 رنز بناتے ہوئے پرویز رسول کا شکار بنے۔ چہل نے ایک ہی اوور میں دونوں اوپنرس کو آؤٹ کرتے ہوئے انگلینڈ کی برق رفتار شروعات پر روک لگائی۔ میڈل آرڈر میں روٹ 40 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 40 رنز بناتے ہوئے ڈرامائی اندازمیں ناٹ آؤٹ رہی کیونکہ 17 ویں اوور کی پانچویں گیند پر جب وہ بولڈ ہوئے تو جسپریت بومرا کی یہ گیند نو بال تھی جس کے بعد اگلی گیند فری ہٹ ملی جس پر بھی روٹ بولڈ ہوئے اس طرح متواتر دو گیندوں میں بولڈ ہونے کے باوجود روٹ ناٹ آؤٹ رہے۔