ہندوستان کے خلاف اسپین مسئلہ نہیں ہوگا: فالکنر

سڈنی ۔ 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے آل راونڈ جیمس فالکنر نے آج ان خیالات کو مسترد کردیا ہیکہ 26 مارچ کو سڈنی کرکٹ گراونڈ پر ہندوستان کے خلاف کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں میزبان ٹیم کیلئے اسپن بولنگ مسئلہ ہوگی۔ قبل ازیں اس میدان پر جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان کوارٹر فائنل مقابلہ کھیلا گیا تھا جس میں لیگ اسپنر عمران طاہر اور جزوقتی آف اسپنر جے پی ڈومنی نے اپنے درمیان 7 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے سری لنکا کو بے بس کردیا تھا۔ ان حالات میں آسٹریلیائی ٹیم کیلئے بھی مشکلات ہوگی لیکن فالکنر نے کہا کہ ہندوستانی ٹیم میں روی چندرن اشون اور رویندر جڈیجہ موجود ہے جو ایک عرصہ سے ہندوستان کیلئے بہترین مظاہرہ کررہے ہیں لیکن جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے مقابلہ میں اگر وکٹ کا تجزیہ کیا جائے تو بیٹنگ کیلئے اتنی مشکل نہیں تھی۔ پریس کانفرنسسے خطاب کرتے ہوئے فالکنر نے کہا کہ ہندوستان کے خلاف میزبان ایک بہترین ٹیم کے ساتھ میدان سنبھالے گی اور موجود بہترین 11 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کا آغاز کیا جائے گا۔ فالکنر جوکہ آئی پی ایل کا بہتر تجربہ رکھتے ہیں اور وہ ہندوستانی ٹیم کے سیمی فائنل تک رسائی کو حیران کن قرار نہیں دیتے بلکہ کہا ہیکہ یہ ایک عالمی معیار کی ٹیم ہونے کے علاوہ دفاعی چمپیئن بھی ہے اور سیمی فائنل میں توقعات کے مطابق اس کی رسائی ہوئی ہے۔