ہندوستان کے بعد انگلینڈ کی پاکستان پر نظریں

لاہور۔ 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے پاکستان کے ساتھ تیسرے مقام پر سیریز کھیلنے کی پیشکش کی ہے جس کے عوض آئی سی سی پر قبضے کے لیے ووٹ مانگنے کا امکان ہے دوسری جانب انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی محبت بھی جاگ اٹھی۔ جائلز کلارک نے مکتوب لکھا ہے جس میں سیریز کے لئے ذکاء اشرف مدعو کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کے انتظامی ڈھانچے میں مجوزہ ترامیم کے معاملے پر پاکستان غیر معمولی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ ہندوستان کے بعد انگلش کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان سے دوستی بڑھانے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین جائیلز کلارک نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف سے رابطہ کرکے ان سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے، امکان ہے کہ دونوں کے درمیان 28 جنوری کو آئی سی سی اجلاس کے دوران یہ ملاقات ہو جس میں انگلینڈ کی جانب سے پاکستان کو دو طرفہ سیریز کھیلنے کی پیشکش بھی کی جاسکتی ہے۔ جائیلز کلارک نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ کو عہدے پر بحال ہونے کی مبارکباد بھی دی۔

دریں اثناء چیئر مین پی سی بی اشرف آئی سی سی کے اہم اجلاس میں شرکت کیلئے دبئی روانہ ہوگئے۔ ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ ’’بگ تھری‘‘ کے معاملے میں وہ ایسا موقف اپنائیں گے جس سے پاکستان اور کرکٹ کو فائدہ ہو گا۔آئی سی سی اجلاس میں شرکت کیلیے روانگی سے قبل لاہور ایرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں ذکا اشرف نے کہا کہ بی سی سی آئی کے صدر سے ان کی بگ تھری کے معاملے پر مسلسل بات چیت ہوتی رہی ہے اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان سے رابطہ کیاہے لیکن بگ تھری کے لئے کسی بھی موقف میں پاکستان کا مفاد پہلی ترجیح ہوگی۔ذکا اشرف نے کہا محمد عامر کے معاملے میں مثبت پیش رفت ہوسکتی ہے تاہم اس میں تھوڑا وقت لگے گا۔اپنی بحالی کے خلاف حکومتی اپیل پر ان کا کہنا تھا کہ وہ سب کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔