ہندوستان کے آج دو روزہ ٹور مقابلہ کا آغاز

وانگیری ۔ یکم فبروری۔ (سیاست ڈاٹ کام ) ونڈے سیریز میں بدترین شکست برداشت کرنے کے بعد ہندوستانی کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف شروع ہونے والی ٹسٹ سیریز سے قبل اپنے خامیوں پر قابو پانے کے لئے کوشاں ہے اور اسے کل ایک موقع اس وقت دستیاب رہے گا جب وہ یہاں 2 روزہ ٹور میچ میں شرکت کررہی ہے ۔ مہمان ٹیم کے لئے ونڈے سیریز ایک ڈراؤنا خواب ثابت ہوا ہے کیونکہ اسے نیوزی لینڈ کے دورہ پر 0-4 کی بدترین شکست برداشت کرنی پڑی

لیکن مہندرسنگھ دھونی کی زیرقیادت ٹیم اس ناکامی کو پس پشت ڈالتے ہوئے 6 فبروری کو شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ سے قبل اس ٹور مقابلے کو تیاری کا بہتر موقع کے طورپر استعمال کرنے کی خواہاں ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹسٹ سیریز سے قبل منعقدہ ٹور مقابلہ بارش کی نذر ہوگیا تھا لیکن اس کے باوجود ہندوستانی ٹیم نے میزبان کے خلاف 5 روزہ مقابلے کے دوران بہتر مظاہرہ کیا تھا اور اس مرتبہ ہندوستانی ٹیم امید کررہی ہے کہ ٹسٹ سیریز سے قبل کھیلے جانے والے اس دو روزہ مقابلے میں بہتر پراکٹس کے ذریعہ اچھال لیتی گیندوں کے خلاف پائی جانے والی خامیوں پر قابو پایا جاسکے۔