اسلام آباد۔5 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے سیریز سے انکار پر دسمبر میں پاکستان سوپر لیگ ہو گی یہ اعلان کرتے ہوئے شہر یار نے پلان بی سے پردہ اٹھا دیا۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے کہا ہے کہ اگر ہندوستان نے یو اے ای میں باہمی سیریز نہ کھیلی تو ہم دسمبر میں پاکستان سوپر لیگ کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہندوستانی بورڈ حکام سے کہا ہے کہ سیریزکھیلنے یا نہ کھیلنے کے حوالے سے صاف جواب دیا جائے تاکہ ہم پلان بی پر کام کرسکیں۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا ہند۔پاک سیریز کا معاملہ بہت سادہ ہے ہم نے اور بی سی سی آئی نے 8 سال میں 6 سیریز کے معاہدہ پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت ہماری پہلی ہوم سیریز رواں برس دسمبر میں یو اے ای میں ہو نی ہے انہوں نے کہا اس حوالے سے میں نے ہندوستانی حکام سے کئی مرتبہ پوچھا لیکن ہر مرتبہ ان کا جواب ہوتا ہے کہ ہم تیار ہیں لیکن چونکہ معاہدہ سابق حکومت کے دور میں طے ہوا تھا اس لئے اب ہمیں اپنی حکومت سے اجازت لینی ہو گی۔ انہوں نے کہا یہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ بی سی سی آئی نے اب تک اپنی حکومت سے کچھ پوچھا ہی نہیں۔ میں نے ہندوستانی بورڈ کے حکام سے کہا ہے کہ ہمیں صاف بتا دیں کہ سیریز کھیلنی ہے یا نہیں تاکہ ہم اپنے پلان بی پر کام کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا ہم کوشش کریں گے کہ آئندہ برسوں میں پاکستان سوپر لیگ کو پاکستان میں کروائیں لیکن اس کا انحصار ملک میں سکیورٹی حالات پر ہو گا ہم یہی چاہتے ہیں کہ پی ایس ایل کا مالی اور کرکٹ کے لحاظ سے فائدہ ہو لیکن اس کام میں وقت لگے گا۔ یاد رہے کہ ممبئی دھماکوں کے بعد سے ہندوستان اور پا کستان کے درمیان 2007 ء سے کوئی مکمل سیریز نہیں ہوئی ہے ۔ حالانکہ اس دوران پاکستان نے نہ صرف محدود اوورس کی سیریز کیلئے ہندوستان کا دورہ کیا تھا بلکہ آئی سی سی کے ایونٹس میں متعدد مرتبہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کرکٹ مقابلے ہوچکے ہیں۔ حالیہ دنوں میں پی سی بی کی جانب سے مجوزہ سیریز کو ملتوی کرنے کے اشارہ کے بعد ہندوستان کو انتباہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ آئی سی سی ایونٹ میں ہندوستان کے خلاف مقابلوں کا بائیکاٹ کرے گا جس پر ہندوستان نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستان آئی سی سی کے ایونٹس میں ہندوستان کے مقابلوں کا بائیکاٹ کرتا ہے تو اسے خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ حالیہ دنوں میں یہ امید کی جارہی تھی کہ رواں برس کے اواخر متحدہ عرب امارات میں پاکستان پڑوسی ملک ہندوستان کے خلاف مکمل سیریز کی میزبانی کرے گا لیکن بی سی سی آئی کی جانب سے نہ صرف سردمہری کا اظہار کیا گیا بلکہ اب یہ سیریز ممکن دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ دریں اثناء پی سی بی نے کہا ہے کہ اگر ہندوستان واضح طور پر اس سیریز سے انکار کرتا ہے تو وہ اپنے خانگی ٹورنمنٹ پاکستان سوپر لیگ کے انعقاد کو جلد کرسکتا ہے ۔