دوبئی ۔ 16 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ابوظہبی کے ساکن ایک شخص اور اس کے پانچ سالہ بیٹے نے ہندوستان کی سیاحت کے دوران ایک ایسا ریکارڈ قائم کیا جسے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈس میں جگہ ملی ہے۔ باپ بیٹے نے اندرون 12گھنٹے پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعہ یونیسکو ورلڈ ہیرٹیج کی زیادہ سے زیادہ عمارتوںکی سیاحت کی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق 36 سالہ محمد طاہر جو ابوظہبی میں ایک آئی ٹی پروفیشنل ہیں، وہ اپنے بیٹے محمد ایان کے ساتھ ایک عالمی ریکارڈ بنانے کے خواہاں تھے تاکہ اپنے بیٹے کو بھی اپنے آبائی وطن ہندوستان کی ثقافت کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات فراہم کراسکے۔ خلیج ٹائمز نے آج یہ بات بتائی۔ باپ بیٹے دونوں نے 300 کیلو میٹر پر محیط سات ہیرٹیج عمارتوں کی سیر کی جس کیلئے انہیں 11 گھنٹے، 33 منٹس اور 18 سیکنڈس لگے۔ قبل ازیں یہ ریکارڈ نیدرلینڈس کے دو افراد نے بنایا تھا جنہوں نے 12 ہیرٹیج عمارتوں کا دورہ 24 گھنٹے میں مکمل کیا تھا۔