ہندوستان کی چین کے خلاف 4-1 کی کامیابی

کاکامگاھارا، (جاپان)۔30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم نے ویمنس ایشیا کپ میں آل راونڈ مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے پول اے کے دوسرے میچ میں چین کو 4-1 سے شکست دے کر اپنی ناقابل تسخیر برتری کو برقرار رکھا۔ کاکامگاھارا کاواسکي اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں ہندوستانی خواتین نے مکمل طور پر حریف ٹیم پر اپنا دبدبہ بنایا اورگرجیت کور نے19 ویں، نوجوت کور نے 32 ویں، نیہا گوئل نے49 ویں اوررانی نے58 ویں منٹ میں گول کرتے ہوئے ٹیم کی شاندار کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا ۔ خاتون ٹیم نے اپنے افتتاحی میچ میں سنگاپورکو 10-0 سے شکست دی تھی۔ ہندوستانی کھلاڑیوں نے آغاز میں ہی اپنی شاندار کارکردگی سے15 ویں منٹ میں ہی پنالٹی کارنر حاصل کرتے ہوئے چین پر دباؤ بنا یا۔ اگرچہ یہ پنالٹی چین نے ضائع کی اور پہلا کوارٹر گول کے بغیر رہا لیکن دوسرے کوارٹر میں ڈریف فلکرماہر گرجیت نے پنالٹی پر گول کرکے ہندوستان کو 1-0 سے سبقت دلائی۔ میچ میں 10 منٹ کے وقفے کے بعد ہندوستان نے شاندار واپسی کی اور32 ویں منٹ میں نوجوت نے دوسرا گول کیا۔ اگرچہ ڈفیندرس کی غلطی سے38 ویں منٹ میں ہندوستان نے ایک پنالٹی کارنر گنوا یا اور چین نے بغیر غلطی کے کیوشیا کوئی کی مدد سے اسکور 1-2 کر دیا۔ میچ کے آخری منٹ دونوں ٹیموں کے درمیان کافی مسابقتی رہے اور49 ویں منٹ میں ہندوستان نے پنالٹی کارنر حاصل کرتے ہوئے چینی گول کیپر جیاو ئی کو چکمہ دیا اوراسکور3-1 سے ٹیم کو اہم برتری دلا ئی۔میچ کے آخری 10 منٹ میں دونوں ٹیموں نے پنالٹی کارنر کے لیے کافی جدوجہد کی۔ہندوستان نے دو اور چین نے دو پنالٹی حاصل کی۔ ہندوستانی کپتان رانی نے 58 ویں منٹ میں پھر زبردست میدانی گول کرتے ہوئے اسکور 4-1 کر دیا۔