ہندوستان کی پہلے ٹسٹ میں گرفت مضبوط

برمنگھم۔3 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) روی چندرن اشون اور ایشانت شرما کی تباہ کن بولنگ کی بدولت ہندوستان نے پہلے ٹسٹ میں کامیابی کیلئے اپنے امکانات روشن کرلئے ہیں۔ تادم تحریر میزبان انگلینڈ کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان کے بعد 136 رنز اسکور کرلئے ہیں اور اسے مقابلہ میں مجموعی طور پر 149 رنز کی سبقت حاصل ہوگئی ہے۔ دوسری اننگز میں کیرن اعظم ترین 33 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں جبکہ بیرسٹو 28 اور ملان 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ایشانت شرما نے 41 رنز کے عوض 4 اور اشون نے 46 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ہے۔ قبل ازیں ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی انگلینڈ میں اپنے کیریئر کی پہلی ٹسٹ سنچری اسکور کرنے میں کامیاب ہوگئے اور ہندوستان نے پہلی اننگز میں 274 رنز اسکور کئے جس کی وجہ سے انگلینڈ کو 13 رنز کی معمولی سبقت حاصل ہوئی۔ کوہلی نے لوور آرڈر میں بولروں کے ساتھ نہ صرف تیزی کے ساتھ رنز بنائے بلکہ انگلینڈ کو ایک بڑی سبقت حاصل کرنے سے باز رکھا۔ کوہلی نے 4 برس قبل انگلش سرزمین پر 10 اننگز میں 134 رنز اسکور کیے تھے تاہم اس مرتبہ سیریز کی اپنی پہلی ہی اننگز میں سنچری بنانے میں کامیاب رہے، یہ ان کی 22 ویں ٹسٹ سنچری ہے جس کے لیے انھوں نے مجموعی طور پر 113 اننگز کا سہارا لیا۔واضح رہے کہ سب سے کم میچز میں 22 ٹسٹ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ ڈان بریڈ مین کے پاس ہیں جنھوں نے یہ کارنامہ 58 اننگز میں انجام دیا تھا۔کوہلی نے گزشتہ روز خود کو ملنے والے مواقع(کیچز ڈراپ) کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 149 رنز اسکور کئے ہیں۔ انگلینڈ کے کیرن کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 74 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔