ہندوستان کی ورلڈ کپ کامیابی کا انحصار دورۂ آسٹریلیا پر : فلیمنگ

ممبئی۔8نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ کے سابق کپتان اسٹیفن فلیمنگ سمجھتے ہیں کہ ہندوستان کی ورلڈ کپ میں کامیابی کا انحصار آئندہ ماہ دورہ ٔآسٹریلیا پر منحصر ہے کیونکہ اگر ہندوستانی ٹیم اس دورہ پر آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ مقابلوں اور پھر ونڈے کرکٹ میں بہتر مظاہرہ کرتی ہے تو ورلڈ کپ میں اس کی دعویداری مزید مضبوط ہوجائے گی ۔ امید ہے کہ آئندہ تین مہینوں کے دوران ہندوستانی ٹیم دورہ آسٹریلیا کے موقع پر وہاں کی وکٹوں کے برتاؤ اور حالات سے خود کو ہم آہنگ کرلے گی اور اگر ایسا ہوا تو یہ ٹیم کیلئے ورلڈ کپ میں کافی سودمند ہوگا ۔ آسٹریلیا کے دورہ پراگر ہندوستانی ٹیم بہتر مظاہرہ کرنے میں ناکام ہوتی ہے تو پھر یہ اس لئے کافی نقصاندہ ثابت ہوگا ۔ ٹورازم نیوزی لینڈ ایونٹ میں شرکت کے دوران میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے فلیمنگ نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کیلئے یہ بھی ضروری ہے کہ وہ ورلڈ کپ میں خود کی فٹنس کو برقرار رکھیں کیونکہ طویل ٹورنمنٹ کے دوران انہیں مسلسل کرکٹ کھیلنی ہے۔41سالہ فلیمنگ کا مانناہے کہ نیوزی لینڈ کو اس مرتبہ عالمی چمپئن بننے کا بہترین موقع دستیاب ہے ۔