نئی دہلی29مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز کہا کہ ہندوستان کا پاکستان کے عوام کے ساتھ کوئی جھگڑا نہیں ہے اور انہوں نے کہا کہ ہماری لڑائی دہشت گردی کے خلاف ہے ۔ مودی نے ایک نیوز چینل کے انٹرویو میں کہا کہ جہاں تک ہندوستان کا تعلق ہے پاکستان کے پاس دہشت گردی کے خلاف جنگ کے علاوہ اور کوئی متبادل نہیں ہے ۔ مودی نے کہا’’ ہمارا پاکستان کے عوام کے ساتھ کبھی جھگڑا نہیں تھا اور آج بھی نہیں ہے ‘‘۔وزیر اعظم نے کہا’’ ہم نے 26/11 حملے کے تعلق سے سبھی فہرست، ٹیپ وغیرہ دے دیے ، وہ قصورواروں کے خلاف کارروائی کر سکتے ہیں اور اسے ہمیں سونپ سکتے ہیں، ہم قانونی اقدامات کریں گے ۔ جیش محمد نے واضح طور پر کہا کہ ہاں، ہم نے یہ کیا ہے اور اس وقت بھی آپ (پاکستان) کاروائی نہیں کرتے ہیں‘‘۔ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردانہ حملے کے بعد یقین دلایا کہ وہ فیصلہ کن کاروائی کرے گا لیکن وہ ایسا نہیں کرتا ۔ میں اب ا ن کے جال میں نہیں پھنسنا چاہتا ہوں ۔وزیر اعظم نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ان کے مخالفین کو پاکستان کے وزیر اعظم کے بیانات میں تو سیاسی سوجھ بوجھ دکھائی دیتی ہے جبکہ انہیں اپنے ہی وزیر اعظم پر شک ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ایسے لوگوں کو پہچاننا چاہیے ۔
بی جے پی 2014 کے مقابلے زیادہ بڑی اکثریت کے ساتھ اقتدار میں آئے گی:مودی
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو یہ اعتماد ظاہر کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) 2019 کا لوک سبھا الیکشن2014 کے مقابلے میں زیادہ بڑی اکثریت سے جیتے گی اور قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کو اس انتخاب میں 300 سے زائد سیٹیں ملیں گی۔وزیر اعظم نے ایک ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ ’’مجھے یقین ہے کہ اس بار بی جے پی 2014 کے مقابلے بڑی اکثریت کے ساتھ اقتدار میں آئے گی۔ ایک امکان ہو سکتا ہے کہ 2024 میں ایک مضبوط اپوزیشن ہوں لیکن 2019 میں ایسا نہیں ہے ۔ ملک نے ہمیں اقتدار میں لانے کا من بنا لیا ہے‘‘۔