ہندوستان کی ریوو اولمپکس میں 10 سے زائد میڈلس پر نظر

نئی دہلی ۔ 27 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کی وزارت اسپورٹس نے مجوزہ ریوو اولمپکس میں 10 سے زائد میڈلس کے حصول پر نظریں مرکوز کردی ہیں جیسا کہ اس اولمپک میں ہندوستان کی جانب سے اب تک کہ بڑے جتھے کو روانہ کیا جارہا ہے ۔ وزیر اسپورٹس سربھانندا سنول نے راجیہ سبھا کو مطلع کیا ہے کہ وزارت نے گزشتہ برس ایک کمیٹی تشکیل دی تھی تاکہ میڈلس کے امکانات کی نشاندہی کی جاسکے جس پر 110 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے جس میں پہلے ہی 76 کھلاڑیوں نے اولمپکس میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ ریوو اولمپکس میں وزارت اسپورٹس کی جانب سے مقرر کردہ اہداف کا تدکرہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہندوستان نے 10 سے زائد میڈلس کے حصول پر توجہ مرکوز کردی ہے جس کیلئے انوراگ ٹھاکر کی قیادت میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو کہ اولمپکس میں میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی نشاندہی اور ان کے انتخاب کا کام کرچکی ہے جس میں 76 اتھلیٹس نے اولمپکس میں رسائی حاصل کرتے ہوئے محنتوں کو صحیح سمت گامزن ہونے کا اشارہ دیا ہے ۔ لندن اولمپکس میں صرف 60 اتھلیٹس نے شرکت کی تھی لیکن اس مرتبہ 110ہندوستانی اتھلیٹس ریوو اولمپکس میں اپنے ملک کی نمائندگی کررہے ہیں ۔