ہندوستان کی تمام ریاستوں میں یوم آزادی تقریب

عوام میں جوش و خروش ‘ فضاء میں حب الوطنی کے نعروںاورگیتوں کی گونج
نئی دہلی ۔ 15 اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) ریاست مہاراشٹرا میں 72واں یوم آزادی حب الوطنی کے پورے جوش و خروش کے ساتھ چیف منسٹر دیویندر فرڈنویز کی زیرقیادت منایا گیا ۔ انہوں نے ممبئی میں ریاستی سکریٹریٹ میں ترنگالہرایا اور عوام سے خطاب کیا ۔ پٹنہ میں چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے یوم آزادی تقریب میں کہا کہ حال ہی میں ہولناک واقعات کے خاطیوں کو بخشا نہیں جائے گا ۔ چیف منسٹر منی پور نے آج عوام کو تیقن دیا کہ اُن کی حکومت کرپشن کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے روزگار کے مواقع نوجوانوں کو فراہم کرنے کیلئے سخت جدوجہد کرے گی ۔ چیف منسٹر چھتیس گڑھ رمن سنگھ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 72ویں یوم آزادی کے موقع ویژن 2025ء سے وابستہ ہوجائیں ۔ سکھم میں چیف منسٹر چامبلنگ نے عہد کیا کہ وہ غربت کا خاتمہ کریں گے ۔ چیف منسٹر ناگالینڈ نیفوریو نے آج عہد کیا کہ وہ ناگاؤں کا سیاسی تنازعہ کی جلد از جلد یکسوئی کرلیں گے ۔ ٹاملناڈو کے چیف منسٹر کے پلنی سوامی نے مجاہدین آزادی کے وظیفہ میں 2000روپئے اضافہ کا اعلان کرتے ہوئے ادعا کیا کہ ٹاملناڈو سماجی اور معاشی شعبوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہا ہے ۔ چیف منسٹر آسام سربانندا سونوال نے ترنگالہرانے کے بعد حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اُن کی حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ کسی بھی غیر ملکی کا نام شہریوں کے قومی رجسٹر میں شامل نہ کیا جائے ۔ چیف منسٹر گجرات وجئے روپانی نے کہا کہ ان کی حکومت ریاست کو 2050ء تک پانی کی قلت سے پاک ریاست بنادے گی ۔ چیف منسٹر پنجاب امریندر سنگھ نے آج 360کروڑ روپئے مالیتی ترقیاتی پراجکٹس کا ضلع لدھیانہ کے لئے اعلان کرتے ہوئے ریاست کیلئے کئی ترقیاتی پراجکٹس کا عہد کیا ۔ چیف منسٹر ہریانہ منوہر لال کھٹر نے کئی ترغیبات کا اعلان کیا ۔ اسپیکر گوا نے ترنگالہرانے کے بعد امیدظاہر کی کہ ریاست میں کانکنی بحران ختم ہوجائیگا ۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے ترنگالہرایا اور پولیس کے گارڈآف آنر کی سلامی لی ۔