ہندوستان کی بیاٹنگ اور پاکستان کی بولنگ میں اصل ٹکراؤ : ظہیر عباس

میرپور (بنگلہ دیش) ۔ یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مشیر ظہیر عباس سمجھتے ہیں کہ کل ایشیاء کپ میں کھیلے جانے والے ایک انتہائی اہم اور دلچسپ مقابلہ میں ہندوستان کے مشہور بیاٹنگ شعبہ اور پاکستان کی طاقتور بولنگ کے درمیان اصل مقابلہ رہے گا۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ظہیر عباس نے آج یہاں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی نیٹ پریکٹس کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ دونوں ہی ٹیموں میں اپنی نوعیت کی کمزوریاں ہیں

اور مقابلے کے دن جو ٹیم اپنی خامیوں پر قابو پانے میں کامیاب رہے گی وہ فاتح ہوسکتی ہے۔ تاہم یہ ایک مسابقتی اور دلچسپ مقابلہ ضرور ہوگا۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ پاکستانی بولنگ شعبہ طاقتور ضرور ہے لیکن ہندوستانی بولنگ بھی شاندار ہے۔ ظہیر عباس کے بموجب ہندوستانی ٹیم کا تجزیہ جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے مایوس کن مظاہروں کی بنیاد پر نہیں کرنا چاہئے کیونکہ نیوزی لینڈ کی وکٹیں اور یہاں کی وکٹوں کے برتاؤ میں بہت زیادہ فرق ہوتا ہے۔ بنگلہ دیش کی وکٹوں کا برتاؤ پاکستان اور ہندوستان کی وکٹوں کے مماثل ہی ہوتا ہے۔

66 سالہ بیاٹنگ کوچ ظہیر عباس نے پاکستانی ٹیم کی تیاری کے ضمن میں کہا ہے کہ افغانستان کے خلاف گزشتہ مقابلہ میں جو کچھ ہوا اُسے پس پشت ڈالتے ہوئے پاکستان بہتر مظاہرہ کے لئے پُرعزم ہے کیونکہ کھلاڑی اپنا فطری کھیل کھیلنا چاہتے ہیں۔ اِس مقابلہ میں کھلاڑیوں پر دباؤ نہیں ہوگا کیونکہ دباؤ کا ماحول کرکٹ شائقین پیدا کرتے ہیں۔ جبکہ ایشیاء کی 2 بہترین ٹیمیں کل رواں ٹورنمنٹ میں سبقت کے لئے میدان میں موجود رہیں گی۔