ہندوستان کی اڈیلیڈ میں ایک اور تاریخی کامیابی

ایڈیلیڈ۔10 ڈسبمر(سیاست ڈاٹ کام) دنیا کی نمبر ایک ٹیم ہندوستان نے سنسنی خیز مقابلے میں آسٹریلیا کوپہلے ٹسٹ کے پانچویں اور آخری دن31 رنز سے شکست دے کر چار ٹسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل کرلی ہے ۔ ہندوستان کی ٹسٹ تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہے جب اس نے آسٹریلیا کی سرزمین پر پہلا ٹسٹ میچ جیتا ہے ۔ ہندوستان نے آسٹریلیا کے لئے 323 رنز کا ہدف رکھا جس کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا نے چار وکٹ پر 104 رن سے آگے آج کھیلنا شروع کیا اور میزبان ٹیم کی اننگز 291 رنز پرسمٹ گئی ۔ ہندوستان نے آسٹریلیا کے9 وکٹ 259 رنز پر گرا دئے تھے لیکن ناتھن لیون اور جوش ہیزل ووڈ کی آخری جوڑی جم گئی اور انہوں نے رن جوڑنا شروع کیا۔ ہندوستان کے کپتان ویراٹ کوہلی کی پیشانی پر تشویش کی لکیریں گہری ہونے لگی تھیں لیکن آف اسپنر روی چندرن اشون نے ہیزل ووڈ کو جیسے ہی سلپ میں لوکیش راہول کے ہاتھوں کیچ کروایا پوری ہندوستانی ٹیم اس تاریخی کامیابی کی خوشی میں جھوم اٹھی۔ سبھی ہندوستانی کھلاڑیوں نے اشون کو مبارکباد دی ۔ چتیشور پجارا کو ان کی پہلی اننگز کی سنچری کے لئے مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ پجارا نے دونوں اننگز میں 123 اور71 رن بنائے ۔ہندوستان کی اڈیلیڈ میں یہ دوسری اور آسٹریلیا کی سرزمین پر مجموعی چھٹی کامیابی ہے ۔ ہندوستان کو اس میدان میں اس سے پہلے سوروگنگولی کی قیادت میں دسمبر2003 میں کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ اڈیلیڈ میں پہلے ٹسٹ نے مہم جوئی کی تعریف کو نئے سرے سے لکھا اور اس میچ نے دکھایا کہ ٹسٹ کرکٹ صرف اصلی کرکٹ ہے جہاں کھلاڑی کی صحیح معنوں میں آزمائش ہوتی ہے ۔ ہندستانی کپتان وراٹ نے بھی اس تاریخی کامیابی پر خوشی ظاہر کی اور اس کا سہرا تمام ٹیم کھلاڑیوں کو دیا۔ کوچ روی شاستری نے بھی اس فتح کے بعد کھلاڑیوں کی جم کر تعریف کی۔ میزبان آسٹریلیا کی بھی تعریف کی جانی چاہئے جس نے آسانی سے شکست نہیں مانی اور ہر وکٹ کے لئے ہندستانی گیند بازوں کو جدوجہد کروائی۔ آخری جوڑی نے ایک مرتبہ تو ہندوستانی خیمے کو فکر میں ڈال دیا تھا۔ کوہلی بولروں کو تبدیل کر رہے تھے لیکن آخری جوڑی ٹوٹ نہیں رہی تھی۔ اشون نے جیسے ہی اس جوڑی کو توڑا ہندوستانی کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کو مبارک باد دی۔ اشون نے 52.5 اوورکی میراتھن بولنگ میں 92 رنز دے کر تین وکٹ لئے ۔ اشون نے اس میچ میں جملہ چھ وکٹ لئے جو آسٹریلیا میں ان کی ایک ٹسٹ میں بہترین کارکردگی ہے ۔ جسپریت بمراہ نے 24 اوور میں 68 رنز پر تین وکٹ اور محمد سمیع نے20 اوور میں 65 رنز پر تین وکٹ لئے ۔ ایشانت شرما کو19 اوور میں 48 رنز پر ایک وکٹ ملی۔ ہندستان کے نوجوان وکٹ کیپر رشبھ پنت نے وکٹ کے پیچھے لاجواب کارکردگی کا مظاہرہ کرتے11 شکار کر عالمی ریکارڈ کی برابری کی۔ وہ دنیا کے تیسرے وکٹ کیپر بن گئے ہیں جنہوں نے وکٹ کے پیچھے ایک ٹسٹ میں 11 شکار کئے ہیں۔ پنت نے ہم وطن وردھمان ساہا کا وکٹ کے پیچھے ایک ٹسٹ میں 10 شکار کرنے کا ریکارڈ توڑ دیا۔پنت نے لیون کا کیچ چھوڑا تھا ورنہ وہ نیا عالمی ریکارڈ بنا لیتے ۔ بمراہ کی گیند پر یہ کیچ چھوٹا تھا اس وقت لیون کا اسکور سات رنز اورآسٹریلیا کا اسکور آٹھ وکٹ پر 242 رنز تھا۔آسٹریلیا نے چار وکٹ پر 104 سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ شان مارش نے 31 اور ٹریوس ہیڈ نے 11 رنز سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا۔ ہندستان کو پانچویں کامیابی جلد ہی مل گئی جب ایشانت نے ہیڈ کو راہول کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔