دبئی ۔15نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کو ٹی 20 سیریز میں 3-0 سے شکست دینے کے بعد ہندوستانی ٹیم اب ٹی 20 درجہ بندی میں نمبر تین آسٹریلیا سے 21 نومبر کو شروع ہورہی ٹی 20 سیریز میں مقابلہ کرے گی۔ قومی ٹیم ٹی 20 درجہ بندی میں 127 نشانات کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ وہیں آسٹریلیا 118 نشانات کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے پچھلی سات سیریز لگاتار جیتی ہیں اور اب اس کا مقصد آٹھویں سیریز جیتنے کا بھی ہوگا۔ صرف پاکستان ہی دنیا کی واحد ٹیم ہے ، جس کے ہندوستان سے زیادہ لگاتار 11 سیریز جیتنے کا ریکارڈ ہے۔ ہندوستانی ٹیم اگر اس سیریز میں 3-0 سے کامیاب ہوتی ہے تو وہ 129 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہی رہے گی اور پاکستان 138 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے گی۔ لیکن ٹیم کی اس کامیابی کا سب سے زیادہ فائدہ انگلینڈ کو ہوگا اور وہ 118 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر پہنچ جائے گی۔ اس شکست کا آسٹریلیائی ٹیم کو بہت بڑا نقصان ہوگا اور وہ 114 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر چلی جائے گی۔ یہی نہیں اگر ہندوستانی ٹیم یہ سیریز 2-1 سے جیتے گی ، تب بھی انگلینڈ 118 نشانات کے ساتھ تیسرے نمبر پر پہنچ جائے گا۔ وہیں آسٹریلیا 117 نشانات کے ساتھ چوتھے نمبر پر پہنچ جائے گا لیکن اگر آسٹریلیا سیریز 2-1 سے کامیاب ہوجائے تو ہندوستانی ٹیم دوسرے نمبر پر ہی رہے گی اورآسٹریلیا تیسرے نمبر پر برقرار رہے گی۔ ایسے میں ہندوستانی ٹیم کے ریٹنگ پوائنٹس 125 اور آسٹریلیا کے 121 ہو جائیں گے۔