کریم نگر 19 اگست (فیاکس) جمعیۃ علماء کریم نگر کے زیر اہتمام بعنوان آزادی ہند میں مسلم عوام اور علماء کا کردار کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد عرفان قاسمی مبلغ دارالعلوم دیو بند نے کہا کہ آزادی ہر انسان کا حق ہے ، اس کیلئے جدوجہد کرنا لازمی اور ضروری ہے ۔ آزادی عزت اور غلامی ذلت کا سبب ہے ، جب ہندوستان پر انگریزوں کا قبضہ ہوگیا تو باشندگان ہند کو غلامی سے آزادی دلانے کیلئے سب سے پہلے آواز مسلمانوں نے لگائی اور اپنا خون بہا کر ہندوستان کو آزاد کرایا ۔ اگر علماء تحریک آزادی میں شامل نہ ہوتے اور مسلمان پیش پیش نہ رہتے تو کبھی ہندوستان آزاد نہیں ہوتا ۔ اس جلسہ سے مفتی محمد غیاث محی الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں جو آزادی کی خوشی منائی جارہی ہے ،دراصل مسلمانوں کی قربانیوں کی دین ہے ۔ مولانا محمد عمر فاروق قاسمی نے تحریک آزادی پر تاریخی روشنی ڈالی اور بتایا کہ ہر میدان میں سب سے آگے مسلمان ہی تھے ۔ مفتی محمد صادق حسین قاسمی نے بھی جلسہ کو خطاب کیا اور تاریخ آزادی کا خاکہ پیش کیا ۔ اس موقع پر مفتی محمد یونس القاسمی صدر جمعیۃ علماء کریم نگر ،مولانا خواجہ عرفان قاسمی ، مولانا محمد حیدر اسعدی ، حافظ عبدالرزاق فیضی ، حافظ احمد منقبت شاہ خان صدر قاضی ، مولانا محمد کاظم الحسن کے علاوہ کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی ۔