ہندوستان کیلئے 136,020 کا حج کوٹہ برقرار

جدہ ۔ 4 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) جاریہ سال حج 2015ء میں 136020 ہندوستانی حج کی سعادت سے فیضیاب ہوں گے جبکہ ملک کے حاجیوں کے کوٹہ میں گذشتہ سال سے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے حالانکہ مکہ معظمہ میں حرم شریف کی توسیع جاری ہے۔ اس سلسلہ میں ایک معاہدہ پر ہندوستانی حج وفد نے حکومت سعودی عرب کے ساتھ دستخط کئے ہیں۔ اس وفد کی قیادت ریٹائرڈ جنرل وی کے سنگھ کررہے تھے۔ انہوں نے سعودی عرب کے وزیر برائے امورحج بندرالحجر سے کل بات چیت کی۔ جدہ میں بات چیت کے دوران جاریہ سال کے عازمین حج کے منصوبہ کو قطعیت دے دی گئی۔ 2015ء کیلئے ہندوستانیوں کے حج کا کوٹہ 136020 ہے جن میں سے 100020 عازمین ،حج کمیٹی کے توسط سے اور 36 ہزار عازمین خانگی ٹور کمپنیوں کے ذریعہ سعادت حج سے بہرہ ور ہوں گے۔ جدہ میں قونصل جنرل بی ایس مبارک نے آج اس کی اطلاع دی۔ وزیر مملکت برائے امور خارجہ نے سعودی وزیر سے درخواست کی کہ ہندوستان کے سالانہ عازمین حج کے کوٹہ میں اضافہ کیا جائے لیکن یہ درخواست نوٹ کرلی گئی اور اطلاع دی گئی کہ اس پر بعدازاں غور کیا جائے گا کیونکہ سعودی عرب کے عہدیداروں نے تمام ممالک کے کوٹہ منجمد کردینے کا فیصلہ کیا ہے جسکی وجہ حرم شریف کی توسیع ہے۔