ہندوستان کیلئے دھون۔ روہت جوڑی کا اہم کردار ہوگا

نئی دہلی۔ یکم جون (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ کی سوئنگ اور اچھال لینے والی پچوں پر ہندستان کی آئی سی سی ورلڈ کپ کے خطاب جتانے کی امیدوں کا دارومدار کچھ حد تک شکھر دھون اور روہت شرما کی تجربہ کار اوپننگ جوڑی پر رہے گا۔ دھون اور روہت جوڑی اس وقت عالمی کرکٹ میں سب سے تجربہ کار اوپننگ جوڑی مانی جاتی ہے اور اوپننگ میں بائیں اور دائیں ہاتھ کا تال میل حریف ٹیموں کے لئے سر درد رہتا ہے۔ دھون اور روہت طویل عرصے سے ہندستان کے لئے کھیل رہے ہیں اور ایک دوسرے کو بخوبی سمجھتے ہیں۔اگرچہ دونوں کی ورلڈ کپ سے پہلے نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے خلاف پریکٹس میچوں میں کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔ نیوزی لینڈ سے ہندوستانی ٹیم چھ وکٹ سے میچ ہاری تھی جس میں دونوں اوپنروں نے پہلی وکٹ کے لئے صرف 3 رنز جوڑے تھے۔ روہت 2 رنز اور دھون 2 رنز بنا کر آوٹ ہو ئے جبکہ بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں ہندستان کی 95 رن کی جیت میں بھی ان کا حصہ نہ ہونے کے برابر رہا اور دونوں نے پہلی وکٹ کے لئے 5 رنز کی ساجھیداری کی۔ روہت اس میچ میں 42 گیندوں میں 19 رنز جبکہ دھون 1 رن بنا کر آوٹ ہو ئے جس سے مڈل آرڈر پر رنز بنانے کا دباوآیا تھا۔ہندستانی ٹیم کے نائب کپتان روہت کے نام ونڈے کرکٹ میں 264 رنز کی سب سے بڑی اننگز کھیلنے کا عالمی ریکارڈ ہے اور ان کے نام ونڈے میں تین ڈبل سنچری درج ہیں۔ ہٹمین کے نام سے مشہور روہت ون ڈے میں 206 میچوں میں 8010 رنز بنا چکے ہیں جس 22 سنچریاں اور41 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ان 22 سنچریوں میں سے 13 سنچری تو غیر ملکی زمین پر بنی ہیں۔ انہوں نے انگلینڈ کی زمین پر دو سنچریاں بنائی ہیں۔بائیں ہاتھ کے شکھردھون نے 128 ونڈے میں 16 سنچریوں اور 27 نصف سنچریوں کی مدد سے 5355 رنز بنائے ہیں۔ دھون کی 16 سنچریوں میں سے11 سنچری تو غیر ملکی زمین پر بنی ہیں۔ انہوں نے انگلینڈ کی زمین پر تین سنچریاں بنائی ہیں۔ حال میں ختم ہوئے آئی پی ایل میں دونوں اوپنروں کا مظاہرہ تسلی بخش رہا تھا۔ دہلی کیپٹلس کی جانب سے کھیلنے والے دھون نے 16 میچوں میں 521 رن بنائے اور سب سے زیادہ رنز بنانے میں والے بیٹسمینوں میں وہ چوتھے نمبر پر رہے۔ ان کے اس کارکردگی نے دہلی کو چھ سال بعد پلے آف میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔آئی پی ایل۔12 میں چمپئن بنی ٹیم ممبئی انڈینس کے کپتان روہت نے 15 میچوں میں 405 رن بنائے۔ اگرچہ رن بنانے کے معاملے میں روہت تھوڑا پیچھے رہے لیکن انگلینڈ میں ان پر کافی دارومدار رہے گا۔ہندستان کی ورلڈ کپ ٹیم میں تیسرے اوپنر اور ٹاپ آرڈر لوکیش راہول موجود ہیں جنہوں نے آئی پی ایل میں 14 میچوں میں 593 رن بنائے اور سب سے زیادہ رنز بنانے میں ڈیوڈ وارنر کے بعد دوسرے نمبر پر رہے۔ اگر ورلڈ کپ میں دھون یا روہت میں سے کسی کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہتی تو راہول اوپنر کی جگہ لے سکتے ہیں۔ ونڈے کرکٹ کی تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو دھون اور روہت چوتھی سب سے زیادہ کامیاب جوڑی ہے۔ایک جانب جہاں دھون۔روہت کی جوڑی کامیاب ہے وہیں ان میں کسی ایک کے جلد اآوٹ ہونے اور پھر تیسرے نمبر پر ویراٹ کوہلی کا جلد آوٹ ہونا ہندوستانی ٹیم کے لئے سب سے بڑا مسئلہ بن سکتا ہے۔