ہندوستان کیلئے جاریہ سال 1,36,000 حج کوٹہ

توسیعی پراجکٹس کی بناء کٹوتی کا فیصلہ برقرار ، وزیر اُمور حج بندر حجر کا بیان
جدہ ۔ 10 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کوحج کوٹہ سال 2014 ء کیلئے 1,36,000 مقرر کیا گیا ہے ۔ گزشتہ سال بھی یہی کوٹہ مقرر تھا جبکہ سعودی عرب میں مقامات مقدسہ کے اطراف توسیعی کاموں کے پیش نظر تمام غیرملکی عازمین کے کوٹہ میں 20فیصد کمی کی گئی تھی ۔ سعودی عرب کے وزیر اُمور حج بندر حجر نے کل ہندوستانی وفد کو بتایا کہ جاریہ سال جملہ 1,36,000 ہندوستانی عازمین فریضۂ حج ادا کرسکیں گے ۔ سال 2013ء میں ہندوستان اور سعودی عرب کے مابین حج پر جو باہمی معاہدہ طئے پایا اُس کے تحت ہندوستان کیلئے 1,70,025 نشستیں مقرر کی گئیں ان میں 1,25,025 نشستیں حج کمیٹی آف انڈیا کے لئے ہوں گی اور مابقی 45,000 نشستیں خانگی ٹور آپریٹرس کے ذریعہ حج ادا کرنے والے عازمین کیلئے ہوں گی لیکن بعد ازاں سعودی حکام نے مقامی عازمین کے حج کوٹہ میں 50 فیصد کٹوتی اور غیرملکی عازمین کے کوٹہ میں 20 فیصد کٹوتی کا اعلان کیا تھا ۔ اس طرح ہندوستان کا کوٹہ 1,70,025 سے کم ہوکر 1,36,020 ہوگیا ۔

مملکتی وزیر اُمور خارجہ ای احمد کی زیرقیادت ہندوستانی وفد نے کل وزیر اُمور حج بندر حجر سے ملاقات کی جس میں سال 2014 ء کیلئے حج کوٹہ کا تعین کیا گیا ۔ وزارت حج کے ترجمان نے عرب نیوز کو یہ بات بتائی ۔ بندر حجر نے کہا کہ مکۃ المکرمہ میں عازمین اکرام کی بہ آسانی نقل و حرکت اور اُنھیں ممکنہ سہولیات کی فراہمی کے لئے کوٹہ میں کمی ضروری ہے ۔ ہندوستانی حج وفد میں سفیر حامد علی راؤ ، قونصل جنرل فیض احمد قدوائی اور دیگر سینئر عہدیدار شریک تھے ۔ جبکہ سعودی وفد میں بندر حجر کے علاوہ انڈر سکریٹری حاتم قدی اور دیگر سینئر عہدیدار موجود تھے ۔ ہندوستانی حج وفد ہفتہ کو یہاں پہونچا جس نے سعودی حکام کے ساتھ رہائش اور حمل و نقل کے انتظامات کے ساتھ ساتھ حج سے متعلق دیگر کئی اُمور پر تبادلۂ خیال کیا ۔ ہندوستان نے حج اُمور کی عاجلانہ تکمیل کیلئے جاریہ سال الکٹرانک سرویس متعارف کرنے پر زور دیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال 188 ممالک سے تقریباً 1.5 ملین حجاج کرام نے اس مقدس فریضہ کو ادا کیا تھا ۔