ہندوستان کیساتھ تعلقات حسب معمول مستحکم رہینگے : وائیٹ ہاؤس

واشنگٹن ۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وائیٹ ہاؤس کے ایک اعلیٰ سطحی عہدیدار کے مطابق ٹرمپ کے دورحکومت میں امریکہ اور ہندوستان کے تعلقات کو فروغ حاصل ہوگا۔ تاہم انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کے حصول کیلئے ہندوستان کی کوششوں کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ دریں اثناء وائیٹ ہاؤس کے پریس سکریٹری شین اسپائسر نے اپنی روزانہ کی نیوز کانفرنس کے دوران اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے ساتھ طویل بات چیت ہوئی ہے اور یہ بات یقینی طور پر کہی جاسکتی ہیکہ ٹرمپ انتظامیہ ہندوستان اور امریکہ کے تعلقات کو مستحکم دیکھنا پسند کرے گا۔ یاد رہیکہ حالیہ دنوں میں وزیراعظم ہند نریندر مودی نے نئے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے فون پر بات کی تھی۔ اسی بات چیت سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کا انہوں نے مندرجہ بالا جواب دیا البتہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ہندوستان کی مستقل نشست کیلئے پوچھے گئے سوال کا انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا جس کیلئے سابق صدر اوباما نے ہندوستان کیلئے بہترین راہ ہموار کی تھی تاکہ وہ بھی 15 رکنی سلامتی کونسل کا رکن ملک بن جائے۔