ہندوستان کیخلاف شکست ناقص حکمت عملی کا نتیجہ: سابق کرکٹرز

کراچی۔16 فبروری(سیاست ڈاٹ کام) ورلڈ کپ میں ہندوستان کے خلاف پاکستانی کر کٹ ٹیم کی شکست کو سابق کھلاڑیوں نے ناقص حکمت عملی قرار دیا ہے۔ سابق ٹسٹ اوپنر محسن خان نے کہا کہ اس میچ کو جیتنا بہت ضروری تھا، انہوں نے کہا کہ عمر اکمل کو آوٹ دینے کا فیصلہ مشتبہ تھا۔ وکٹ کیپر کامران اکمل نے کہا کہ اس میچ میں سرفراز احمد کو کھلانا چاہیے تھا، وہ میچ وننگ کھلاڑی ہیں۔ سابق ٹسٹ اوپنر شعیب محمد نے کہا ہے کہ ٹیم کی فیلڈنگ بہت زیادہ غیر معیاری رہی جبکہ یونس خان کو بطور اوپنر کھلانے کا فیصلہ درست نہیں تھا۔ احمد شہزاد جب وکٹ پر وقت گذار چکے تھے تو انہیں ایک بڑی اننگز کھیلنی چاہئے تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی بیٹنگ لائن میں چالیس اور پچاس رن کی اوسط والے کئی کھلاڑی ہیں جب کہ پاکستان کی ٹیم میں سوائے مصباح الحق کے کسی کا بیٹنگ ریکارڈ اچھا نہیں ہے۔ سابق ٹسٹ کرکٹر صادق محمد نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ہندوستان کے خلاف شکست سے دل برداشتہ ہونے کی بجائے اگلے میچز پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے ، ٹیم کو شکست کو دل پر لگانے کی بجائے اگلے مقابلوں میں بھرپور مظاہرہ کرکے میچز جیتنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ہند۔پاک میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں کو وکٹ پر ٹھہرنا چاہئے تھا لیکن انہوں نے جلد بازی میں اپنی وکٹیں گنوا دیں۔ورلڈ کپ میں ہر میچ کو فائنل کی طرح کھیلنا چاہئے۔ سابق آل رائونڈر اظہر محمود نے کہا کہ ہند۔پاک میچ میں پاکستان کی شکست کی وجہ ٹیم کے کھلاڑیوں میں پیشہ وارنہ مزاج کی کمی ہے۔ کوہلی نے وکٹ پر ٹھر کر ٹیم کے لئے مضبوط بنیاد فراہم کی جبکہ پاکستانی بیٹسمین ذمہ درانہ بیٹنگ نہ کرسکے۔ دونوں ٹیموں پر دباؤ تھا لیکن پاکستانی کھلاڑی میچ کا دباؤ برداشت نہ کر سکے۔ سابق ٹسٹ کر کٹر انور خان نے کہا یونس خان کی جگہ سرفراز احمد سے آغاز کروانا چاہئے تھا ۔