میرپور۔25جون ( سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش کے کپتان مشرف مرتضیٰ نے کہا ہے کہ ہندوستان کے خلاف او ڈی آئی سیریز فتح اُن کی ٹیم کا اب تک کہ بہترین پرفارمنس ہیں اور انہوں نے زور دیا کہ اُن کی ٹیم کے پاس دنیا کے کوئی بھی حصہ میں اچھا مظاہرہ کرنے کا ہنر اور استقلال موجود ہے ۔ بنگلہ دیش نے ہندوستان کو تین میچ کی سیریز میں 2-1 سے شکست دے کر پڑوسیوں کے مقابل اپنی اولین او ڈی آئی سیریز کامیابی درج کرائی ۔ اگرچہ وہ تیسرا و آخری میچ گذشتہ شب 77رنز سے ہار گئے لیکن اُن کا اعتماد اپنی بلند چوٹی پر ہے ۔ مرتضیٰ نے کہا کہ اگرآپ ورلڈ کپ میں کامیابی کو چھوڑ دیں تو یہی بہترین مظاہرہ ہے ۔ ہم نے آئی سی سی کے 1تا 4 رینک کے حامل ٹیموں کے خلاف کوئی سیریز نہیں جیتی تھی۔ ہندوستان کے خلاف جیت میرے خیال میں بہترین ہے۔ بنگلہ دیش نے زمبابوے ( 5-0) اور پاکستان (3-0) کے خلاف متواتر او ڈی آئی سیریز وائٹ واش درج کرایا تھا اور پھر ہندوستان کے خلاف بھی اُن کی سیریز فتح درج ہونے کے بعد انگلینڈ کے عظیم بیٹسمین جیفری بائیکاٹ نے کہا ہے کہ اب انہیں بیرون ملک بالخصوص ٹاپ ٹسٹ ٹیموں کے خلاف کامیابیاںحاصل کرنے کی ضرورت ہے ۔ مرتضیٰ نے کہا کہ بیرون ملک ہر کوئی جدوجہد کرتا دکھائی دیتا ہے ۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں حالات آسان نہیں تھے لیکن ہم نے ورلڈ کپ میںاچھا کھیلا۔