رانچی ۔ 26 فبروری ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ویمنس کرکٹ ٹیم نے ٹی ۔ 20 انٹرنیشنل کے تیسرے اور فائنل میچ میں سری لنکا کی ٹیم کو 9 وکٹس سے شکست دیتے ہوئے صفر کے مقابلے تین سے سیریز جیت لی ۔ سری لنکا ویمنس کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے فیلڈنگ کی دعوت دی ۔ جس پر ہندوستانی ٹیم نے بہترین بولنگ کے ذریعہ مہمان ٹیم کو 9 وکٹس کے نقصان سے صرف 89 رنز کے معمولی اسکور پرسمیٹ دیا ۔ بعد ازاں صرف ایک وکٹ کے نقصان سے محض 13.5 اوورس میں 91 رنز بناتے ہوئے کامیابی کا نشانہ حاصل کرلیا ۔ہندوستان کو پہلے فیلڈنگ کی دعوت دینے کا فیصلہ سری لنکا کیلئے مہنگا ثابت ہوا ۔ اس کی چار بیٹسویمنس ایشانی لوکو سورلیگے 25 ( ناٹ آؤٹ ) ، چامری اٹاپٹو (21)، اماکنچنا(17) اور نپونی ہنسیکا(13) ہی دو ہندسوں کا انفرادی اسکور بناسکیں۔
کین ولیمسن نیوزی لینڈ کے سال کے بہترین کرکٹر
ویلنگٹن۔ 26 فبروری ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) کین ولیسمن کو بہترین کارکردگی پر نیوزی لینڈ کے سال کے بہترین کرکٹر قرار دیتے ہوئے سر رچرڈ ہیڈلی میڈل سے نوازا گیا۔نیوزی لینڈ کرکٹ کی جانب سے منعقدہ تقریب میں کین ولیمسن کو سال میں 5 سنچریاں اور نیوزی لینڈ کی جانب سے سال میں ریکارڈ سب سے زیادہ رنز بنا کر ٹسٹ کے نمبر ایک کھلاڑی بننے پر ایوارڈ کا حق دار قرار دیا گیا۔کین ولیمسن کو سال کا بہترین ٹسٹ کھلاڑی بھی قرار دیا گیا اور فرسٹ کلاس میں بہترین کارکردگی پر ریڈ پاتھ کپ بھی جیت لیا۔ولیسمن نے سال 2015 میں 10 ٹسٹ میچوں میں 77.29 کی اوسط سے 1314 رنز بنائے جس میں سری لنکا کے خلاف میچ میں 242 رنز کی اننگز بھی شامل ہے جس کی بدولت نیوزی لینڈ میچ میں شکست سے بچ گیا تھا۔