نئی دہلی ، 29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج شدید ردعمل میں پاکستان کو ممبئی حملے کے سرغنہ ذکی الرحمن لکھوی کے کیس میں اس کی جانب سے مؤثر عمل کے فقدان پر اپنی ’’گہری تشویش‘‘ سے واقف کراتے ہوئے کہا کہ اُس ملک کو معروف دہشت گرد گروپوں کیلئے بدستور محفوظ پناہ گاہ کے طور پر دیکھنے کے معاملے کا بظاہر کوئی اختتام دکھائی نہیں دیتا ہے۔ ہندوستان نے یہ مسئلہ پاکستان کے پاس یہاں اور اسلام آباد دونوں جگہ اٹھایا، جیسا کہ معتمد خارجہ سجاتا سنگھ نے پاکستان ہائی کمشنر عبد الباسط کو طلب کیا اور اسلام آباد میں ہندوستانی مشن نے اسے دفتر خارجہ پاکستان سے رجوع کیا۔ ایم ای اے میں سرکاری ترجمان سید اکبرالدین نے کہا، ’’باسط کو وزارت امور خارجہ کو آج دوپہر فارن سکریٹری نے طلب کیا۔ معتمد خارجہ نے بین الاقوامی سطح پر نامزد دہشت گرد لکھوی جس کا ممبئی کیس میں رول معروف ہے، اُس کی رہائی کا انسداد دہشت گردی عدالت حکم دینے پر پاکستان کے استغاثہ حکام کی طرف سے مؤثر کارروائی کے فقدان پر گہری فکرمندی گوش گزار کی۔