سڈنی۔17 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے سابق بیٹسمین مائیکل ہسی کا ماننا ہے کہ ہندوستان کو آسٹریلیا کے خلاف آئندہ ٹسٹ سیریز میں آل راونڈر ہاردک پانڈیا کی کمی محسوس ہوگی۔ ٹسٹ سیریز6 دسمبرکواڈیلیڈ میں شروع ہوگی۔ پانڈیا کوستمبرمیں ایشیا کپ کے دوران کمرکے نچلے حصے میں چوٹ لگی تھی جس سے وہ ہنوز صحت یاب نہیں ہوئے ہیں۔ مائیکل ہسی نے انٹرویومیں کہا ہاردک کافی باصلاحیت ہے اورمجھے یقین ہے کہ آسٹریلیائی حالات میں وہ بہترین کارکردگی پیش کرتا۔ اس کی آل راونڈ کھیل سے ٹیم کومضبوطی ملتی ہے، اس کی کمی ہندوستان کوضرورمحسوس ہوگی۔ اہم کھلاڑیوں کے بغیراتررہی آسٹریلیا کے خلاف ہندوستان کے پاس سیریزجیتنے کا بہترین موقع ہے، لیکن مسٹرکرکٹ کویقین ہے کہ میزبان ٹیم کا تجربہ اوربولنگ شعبہ ہندوستانی نوجوان بیٹسمینوںکو پریشان کرے گا۔ انہوں نے کہا ہندوستان کے پاس اچھا موقع ہے کیونکہ یہ بہترین ٹیم ہے اورہندوستان کے پاس کچھ بہت اچھے فاسٹ بولرس بھی ہیں۔ آسٹریلیا کا بولنگ شعبہ بھی بہترین ہے اورہندوستان کو چیلنج دے گا۔ مائیکل ہسی نے کہا کہ آسٹریلیا کے لئے سب سے بڑا چیلنج ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی کو قابو کرنا ہے۔ میزبان بولروںکوہندوستانی کپتان کے سامنے محتاط رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا آسٹریلیائی ٹیم کوہلی کے خلاف تیاری سے اترے گی، لیکن اس پرعمل کرنا ہوگا۔