ہندوستان کو کوارٹر فائنل میں شکست ، پاکستان سیمی فائنل میں

شارجہ 22 فروری (سیاست ڈاٹ کام) دفاعی چمپئن ہندوستانی ٹیم کو یہاں رواں آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کے خلاف 3 وکٹوں کی شکست برداشت کرنی پڑی جبکہ دوسری جانب پاکستان نے اپنے کوارٹر فائنل مقابلہ میں سری لنکا کو 121 رنز کی ایک واضح شکست دیتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ دوبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقدہ کوارٹر فائنل میں ہندوستان نے پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے حڈا اور شہزاد خان کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت 8 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز اسکور کئے۔ جبکہ جوابی اننگز میں انگلینڈ نے 50 ویں اوور کی پہلی گیند پر مطلوبہ نشانہ 222/7 کے ذریعہ حاصل کرلیا۔

انگلینڈ کی کامیابی میں بی ایم ڈکیٹ نے 64 گیندوں میں 7 چوکوں کی مدد سے 61 اور وکٹ کیپر بیٹسمین کلارک نے 45 گیندوں میں 6 چوکوں کی مدد سے 42 رنز اسکور کرتے ہوئے کلیدی رول ادا کیا۔ ہندوستان کیلئے کلدیپ یادو نے 46 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جبکہ عامر غنی نے 37 رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ قبل ازیں ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیاٹنگ کا فیصلہ کیا۔ تاہم اِس کی شروعات ناقص رہی۔ جیسا کہ 111 رنز پر اِس کے ابتدائی 5 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ اِس موقع پر حڈا نے 99 گیندوں میں 6 چوکوں کی مدد سے 68 رنز اسکور کئے جبکہ ٹورنمنٹ میں شاندار مظاہرہ کرنے والے آل راؤنڈر شہزاد خان 46 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 52 رنز اسکور کئے۔ لیکن اِن کے مظاہرے ٹیم کو شکست سے محفوظ نہیں رکھ پائے اور ایک سنسنی خیز کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد دفاعی چمپئن ہندوستانی ٹیم ٹورنمنٹ سے باہر ہوگئی ہے۔

دریں اثناء شارجہ میں منعقدہ ایک اور کوارٹر فائنل میں پاکستانی ٹیم نے پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے ابتدائی 3 نمبرات کے بیٹسمین سمیع اسلم (95) ، امام الحق (82) اور کامران غلام (52) کی نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ 50 اوورس میں 279/9 رنز اسکور کئے اور سری لنکا کو 42.3 اوورس میں 158 رنز پر آل آؤٹ کردیا۔ حالانکہ سمارا وکرما (51) اور پریرا (68) نے نصف سنچریاں اسکور کیں لیکن اِن کے علاوہ رمانائیکے (12) کے علاوہ دیگرکوئی بیٹسمین دوہرے ہندسے کو عبور نہ کرسکا۔ پاکستان کے لئے ضیاء الحق نے 36 رنز، کرامت علی نے 41 رنز ، ظفر گوہر نے 39 رنز اور کامران غلام نے 19 رنز کے عوض فی کس 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو کسی بھی لمحہ مقابلہ میں واپسی کا موقع نہیں دیا۔