ہندوستان کو کوئی انتباہ نہیں دے سکتا

منیسر (ہریانہ) 16 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) چین کی جانب سے اروناچل پردیش میں سرحدی سڑک تعمیر کرنے کے منصوبوں پر سخت ردعمل ظاہر کرنے پر مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے آج ایک سخت پیغام روانہ کرتے ہوئے کہاکہ کوئی بھی ہندوستان کو انتباہ نہیں دے سکتا۔ اُنھوں نے کہاکہ ہم ایک طاقتور ملک ہیں۔ وہ ایک تقریب کے موقع پر علیحدہ طور پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اروناچل پردیش میں سرحدی سڑک کی تعمیر پر چین کے اعتراض کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ ہندوستان اور چین کو سرحدی تنازعہ کی باہمی بات چیت کے ذریعہ یکسوئی کرلینی چاہئے۔ حکومت ہند ۔ چین سرحد پر خاص طور پر اروناچل پردیش اورجموں و کشمیر میں انفراسٹرکچر بہتر بنانے کے لئے کئی اقدامات کررہی ہے۔ اُنھوں نے کل کہا تھا کہ مغربی ممالک کے تعلیمی نظریہ سے ہندوستانی ثقافت اور اُس کی اقدار پر کاری ضرب لگی ہے۔ یہ نظام تعلیم برطانوی شہری ہندوستان لائے تھے اور موجودہ نظام تعلیم کے اہم مقاصد کی تکمیل نہیں کررہا ہے۔ وہ چوپسانی اسکولس کی صدی تقاریب سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ تعلیم کا بنیادی مقصد شخصیت کی جامع ترقی ہے اور اُنھوں نے اظہار افسوس کیاکہ موجودہ نظام تعلیم اِس مقصد کی تکمیل نہیں کررہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ موجودہ نظام تعلیم مغربی نظام تعلیم کی نقل ہے جو ہماری تہذیب و ثقافت اور اُن کی اقدار پر کاری ضرب لگا جاچکا ہے۔