انچیان۔24ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام)ہندوستانی ہاکی ٹیم کو بہتر مظاہرے کے باوجود مقابلے کے اختتامی مرحلے میں دیئے جانے والے گول کاخمیازہ مقابلے میں شکست کے نتیجہ کے طور پر بھگتنا پڑا اور اسے تین مرتبہ کی دفاعی چمپئن چین کی وومنس ہاکی ٹیم کے خلاف 1-2کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ 17ویں ایشین گیمس میں آج یہاں کھیلے گئے چین بمقابلہ ہندوستان وومنس ہاکی میچ میں ہندوستانی ٹیم نے کھیل کا بہتر آغاز کرتے ہوئے 15منٹ پر مشتمل پہلے مرحلے کے اختتام تک گول بناتے ہوئے چین پر سبقت حاصل کرلی تھی ۔ عالمی درجہ بندی میں پانچویں مقابم پرموجود چین کیلئے یوڈی یاؤ ژہاؤ نے مقابلے کے اختتامی لمحات میں فیصلہ کن گول اسکور کرتے ہوئے چین کو راحت کی سانس فراہم کی کیونکہ ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ ہندوستانی ٹیم ایک غیر متوقع نتیجہ فراہم کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔ چین نے ابتدائی مرحلے میں گول بنانے کے مواقع بنائے لیکن اسے کامیابی حاصل نہیں ہوئی جب کہ عالمی درجہ بندی میں 13ویں مقام پر فائز ہندوستانی ٹیم نے جہاں 15منٹ پر مشتمل پہلے مرحلے میں گول اسکور کرتے ہوئے سبقت حاصل کرلی وہیں دوسرے مرحلے کے آغاز پر چین نے می یولی یانگ کی جانب سے پنالٹی کارنر پر بنائے جانے والے گول کی بدولت مقابلے کو مساوی موقف میں لاکھڑا کیا ۔ ابتدائی دو مرحلوں کے کھیل کے اختتام پر دونوں ٹیمیں 1-1سے مساوی موقف میں تھی جہاں ہندوستان کو پہلے پنالٹی کارنر کا موقع ملا تاہم وہ اُس میں کامیاب نہ ہوسکے ۔