بیڈ مینٹن ورلڈ چمپئن شپ کا آج آغاز
کوپن ہیگن 24 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) بیڈمینٹن ورلڈ چمپئن شپ کا یہاں پیر کو آغاز ہونے والا ہے جس میںپی وی سندھو اور سائنہ نیہوال ہندوستان کی امیدوں کا مرکز ہونگے ۔ ہندوستانی ٹیم پورے اعتماد کے ساتھ اپنی مہم کا آغاز کرنے والی ہے ۔ سندھو نے گلاسگو میں ہوئے دولت مشترکہ کھیلوں میں برانز میڈل حاصل کیا تھا ۔ وہ ورلڈ چمپئن شپ میں اپنے مظاہرہ میں بہتر مظاہرہ کرنے کی کوشش کرینگی ۔ گذشتہ ورلڈ چمپئن شپ میں بھی سندھو نے ہندوستان کیلئے میڈل جیتنے والی واحد بیڈمینٹن کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا ۔ دوسری جانب سائنہ نیہوال اپنے پیر کے زخم سے صحت یاب ہو رہی ہیں اور وہ ایک اچھے بریک کے بعد ایکشن میںدیکھی جائیں گی ۔ وہ گذشتہ جون میں آسٹریلین اوپن کے دوران پیر میں زخم لگنے سے کورٹ سے دور ہوگئی تھیں۔ اسی زخم کی وجہ سے وہ دولت مشترکہ گیمس میں حصہ نہیں لے سکی تھیں۔ سائنہ نے ٹورنمنٹ کے آغاز سے قبل کہا کہ ماہ جولائی کے ختم تک اپنے زخم سے وہ پوری طرح فٹ نہیں ہوئی تھیں جو انہیں آسٹریلین اوپن میں لگا تھا ۔ تاہم گذشتہ تین ہفتوں کے دوران انہوں نے اچھی کوشش کی ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ وہ اس ٹورنمنٹ میں اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہر کرینگی ۔ سائنہ نیہوال کو ٹورنمنٹ میںساتویں سیڈ دی گئی تھ اور انہیں پہلے راونڈ میں بائی مل گیا ہے ۔
انہیں منگل کو نیوزی لینڈ کی اینا رانکن اور روس کی ناٹلی پرمینوا کے مابین ہونے والے میچ کی فاتح کھلاڑی سے کھیلنا ہوگا ۔ پی وی سندھو کو ٹورنمنٹ میں گیارہ نمبر سیڈنگ ملی ہے اور انہیں بھی فرسٹ راونڈ میں بائی ملا ہے اور ان کا مقابلہ روس کی اولگا گولوانوا اور بلغاریہ کی لنڈا زچاری کے مابین میچ کی فاتح کھلاڑی سے ہوگا ۔ مردوں کے زمرہ میں سنگلز میں دولت مشترکہ گیمس کے گولڈ میڈلسٹ پی کشیپ ہندوستان کیلئے میڈل کی بہترین امید ہیں۔ ان کا پیر کو پہلے راونڈ میں جرمنی کے ڈائیٹر ڈومکے سے مقابلہ ہونے والا ہے ۔ اس ٹورنمنٹ میں دوسرے ہندوستانی کھلاڑیوں میں اجئے جئے رام کا مقابلہ چوتھے نمبر سیڈ جاپان کے کانیچی ٹاگو سے افتتاحی میچ میں ہوگا جبکہ تیزی سے ابھرتے ہوئے کے سریکانت کا مقابلہ سوانیا کے ازٹوک اتروسہ سے ہوگا ۔ خواتین کے ڈبلز زمرہ میں ہندوستان کیلئے میڈل کی امید جوالہ گٹہ اور اشونی پونپا سے ہے جنہوں نے گذشتہ ٹورنمنٹ میں برانز میڈل جیتا تھا ۔ اس جوڑی کو اب پانچویں سیڈ چین کی جوڑی قونگ ٹیان اور ینلی زہاو سے ہوگا ۔ یہ دونوں ٹیمیں دوسرے راونڈ میں مد مقابل ہونگی ۔ وومنس ڈبلز میں ہندوستانی جوڑی پراجکٹا ساونت اور آرتی سارا سنیل کی ہے جنہیں پہلے راونڈ میں تھائی لینڈ کی جوڑی پٹیٹا سپراجیراکول اور ساپسیری تیرتٹانچائی میں مقابلہ کرنا ہوگا ۔ مینس ڈبلز میں ہندوستانی جوڑی اکشے دیوالکر اور پرانو جیری چوپڑہ کی ہے جنہیں چین کی جوڑی ین لنگ چان اور چون ہئی لی سے افتتاحی میچ کھیلنا ہوگا ۔ دوسری مینس جوڑی سمیت ریڈی بی اور مانو اتاری کو روس کے نکیتا کھاکیموف اور واسیلی کزنیتسو کے خلاف کھیلنا ہوگا ۔