ہندوستان کو پہلے ٹسٹ میں کامیابی کیلئے ہنوز 320رنز درکار

آکلینڈ۔8فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو یہاں نیوزی لینڈ کے خلاف رواں پہلے ٹسٹ میں کامیابی کیلئے 407رنز کا ایک مشکل نشانہ ملا ہے جیسا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں صرف 105رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ قبل ازیں ہندوستان نے اپنے کل کے کھیل 130/4سے آگے کھیلنا شروع کیا اور وہ 202رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور اس طرح اس نے میزبان ٹیم کو پہلی اننگز میں 301رنز کی ہمالیائی سبقت فراہم کی جیسا کہ کل کے ناٹ آؤٹ بیٹسمینوں روہت شرما (72) اور اجنکیا راہنے (26) ٹیم کو بہتر شروعات فراہم کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے ۔ ہندوستانی ٹیم کو فالوآن نہ دیتے ہوئے نیوزی لینڈ نے یہ امید کی تھی کہ وہ ایک ہمالیائی اسکور کے ذریعہ مہمان ٹیم پر شدید دباؤ بنائے گی لیکن ہندوستانی بولروں نے غیر معمولی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 41.2اوورس میں 105رنز پر ڈھیر کردیا اور اس طرح مقابلہ کے تیسرے دن ایڈن پارک میں مجموعی طور پر 17وکٹوں کا زوال دیکھا گیا ۔ نیوزی لینڈ کے لئے راس ٹیلر نے 73گیندوں میں سب سے زیادہ 41رنز کی اننگز کھیلی جس میں انہوں نے پانچ چوکے اور ایک چھکا لگایا جب کہ دیگر تین بیٹسمینوں کا اسکور ہی دوہرے ہندسہ کو عبور کرپایا ۔ ہندوستان کیلئے محمد سمیع نے 38رنز اور ایشانت شرما نے 28رنز کے عوض فی کس تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ ظہیر خان نے 23رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ تیسرے دن جب کھیل کا اختتام ہوا تب ہندوستانی ٹیم ایک وکٹ کے نقصان پر 87 رنز اسکور کرلئے ہیں اور اسے کامیابی کیلئے 320رنز درکار ہیں جب کہ اس کی نو وکٹیں محفوظ ہونے کے علاوہ مقابلہ میں مکمل دو دن کا کھیل ہنوز باقی ہے

۔ اوپنر شکھر دھون 49 رنز بناچکے ہیں جب کہ دن کی آخری گیند پر پُرزور اپیل سے محفوظ رہنے والے چیٹیشور پجارا نے 22رنز اسکور کرلئے ہیں ۔ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہندوستانی ٹیم کو بیرونی دوروں پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور اب اسے کامیابی کیلئے ریکارڈ 407رنز کا کامیاب تعاقب بھی کرنا ہے ۔ جیسا کہ عالمی ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے نام درج ہے جس نے مئی 2003ء میں سینٹ جانس میں کھیلے گئے مقابلہ میں آسٹریلیا کے خلاف 418 رنز کا کامیاب تعاقب کیا تھا جس کے بعد سے کسی بھی ٹیم نے ٹسٹ مقابلہ میں 400یا اس سے زائد کا نشانہ کامیابی کے ساتھ حاصل نہیں کیا ہے ۔ ہندوستانی ٹیم کامیاب ترین تعاقب کی فہرست میں دوسرے مقام پر فائز ہے جیسا کہ اُس نے 1976ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 406رنز بناتے ہوئے کامیابی حاصل کی تھی جب کہ آسٹریلیا 1976میں انگلینڈ کے خلاف 404رنز بنائے تھے۔