دبئی۔2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے سالانہ ٹسٹ درجہ بندی جاری کردی ہے جس کے بعد تاریخ میں ویسٹ ا نڈیز کرکٹ ٹیم سالانہ درجہ بندی کے نتائج میں ریکارڈ نچلے مقام یعنی 9ویں نمبر پر چلی گئی ہے، بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم بھی پہلی مرتبہ ٹاپ 8 میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہے۔ ہندوستانتی ٹیم نے نمبر ون ہونے کی حیثیت سے 1 ملین امریکی ڈالرز کی رقم جیت لی ہے جو اسے آئی سی سی کی جانب سے ملیں گے۔آئی سی سی ٹسٹ درجہ بندی ہر سال مئی میں اپ ڈیٹ ہوتی ہے، جس کے نتیجے میں 4 سال کا ریکارڈ بھی اپ ڈیٹ ہوتا ہے،چنانچہ نئے درجہ بندی میں مئی 2015 سے مئی 2017 تک کے میچوں کو 50 فیصد اور مئی 2017 سے اب تک کے100 فیصد میچ شامل کئے گئے ہیں اور اگلے سال مئی تک 100 فیصد میچوں کا اعداووشمار شامل کیا جائے گا۔ہندوستان جو پہلے ہی نمبر ون تھا، اس درجہ بندی میں شامل کئے گئے دورانیہ کی تبدیلی میں 4 اضافی نشانات حاصل کرکے 125 ریٹنگ کے ساتھ مزید مضبوط ہوکر پہلے نمبر پر آگیا ہے۔ جنوبی افریقہ کے 5 نشانات کی کٹوتی ہوئی ہے جس کے بعد اس کا فاصلہ ہندوستان سے 13 ریٹنگ بڑھ گیاہے اور وہ 112 ریٹنگ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ آسٹریلیا 106 کے ساتھ تیسرے، نیوزی لینڈ102 کے ساتھ چوتھے، انگلینڈ98 کے ساتھ پانچویں، سری لنکا94 کے ساتھ چھٹے اور پاکستان86 کے ساتھ بدستور ساتویں، بنگلہ دیش75 کے ساتھ آٹھویں، ویسٹ انڈیز67 کے ساتھ نویں اور زمبابوے2 ریٹنگ کیساتھ دسویں نمبر پر موجود ہے۔ نئے ٹسٹ ممالک آئر لینڈ اور افغانستان اس سال کھاتہ کھولیں گے۔