اڈیلیڈ 8 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈ کپ کے رسمی آغاز سے قبل ہندوستانی ٹیم کی شکستوں کا سلسلہ ہنوز جاری ہے جبکہ آج میزبان آسٹریلیا کے خلاف ایک وارم اپ میچ میں ٹیم انڈیا کو 106 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ اس میچ میں آسٹریلیائی بلے بازوں ڈیوڈ وارنر اور گلین میکس ویل نے شاندار سنچریاں اسکور کی تھیں جبکہ ہندوستان کی جانب سے شکھر دھون ‘ امباٹی رائیڈو اور اجنکیا رہانے نے نصف سنچریاں اسکور کیں لیکن وہ کوئی بڑا اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو کامیابی نہیں دلاسکے ۔ اس میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ اس نے 48.2 اوورس میں 371 رنز اسکور کئے تھے ۔ جواب میں ہندوستانی ٹیم 45.1 اوورس میں صرف 265 رنز بناکر آوٹ ہوگئی ۔ آسٹریلیا کی جانب سے اوپنر ڈیوڈ وارنر نے 83 گیندوں میں 14 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 104 رنز بنائے تھے ۔ انہیں اکشر پٹیل نے بولڈ کیا ۔ آرون فنچ 20 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 20 رن پر آوٹ ہوئے ۔
بنی کی گیند پر کوہلی نے انہیں کیچ کیا ۔ شین واٹسن نے 17 گیندوں میں 22 رنز بنائے ۔ اکشر پٹیل نے موہت شرما کی گیند پر ان کا کیچ لیا ۔ اسٹیون اسمتھ ایک رن بناکر اومیش یادو کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔ جارج بیلی نے 66 گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے 44 رن بنائے ۔ محمد سمیع کی گیند پر رویندر جڈیجہ نے ان کا کیچ لیا ۔ تاہم آسٹریلیائی اننگز میں میکس ویل نے بہترین بیٹنگ کی ۔ انہوں نے صرف 57 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 11 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے 122 رن بنائے ۔
وہ زخمی ہوکر واپس ہوگئے ۔ مچل مارچ نے ایک چوکے کی مدد سے 21 رن بنائے ۔ یادو کی گیند پر رہانے نے ان کا کیچ لیا ۔ مچل جانسن 12 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 19 رن بناکر آوٹ ہوئے ۔ محمد سمیع کی گیند پر موہت شرما نے ان کا کیچ لیا ۔ مچل اسٹارک صفر کے اسکور پر آوٹ ہوئے ۔ شرما کی گیند پر دھنوی نے ان کا کیچ لیا ۔ پیٹر کمنس کو پانچ رن کے انفرادی اسکور پر محمد سنیع مے بولڈ کیا جبکہ ڈوہیرتی صفر کے اسکور پر ناٹ آوٹ رہے ۔ جواب میں ہندوستانی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی ۔ اسٹار اوپنر روہت شرما صرف 8 رن بناکر ہیزل ووڈ کی گیند پر فنچ کو کیچ دے بیٹھے ۔
دوسرے اوپنر شکھر دھون نے 71 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 59 رن بنائے ۔ انہیں جانسن کی گیند پر اسٹارک نے کیچ آوٹ کیا جبکہ ویراٹ کوہلی بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹک نہیں سکے ۔ انہیں 18 کے اسکور پر اسٹارک نے بولڈ کیا ۔ اجنکیا رہانے نے 52 گیندوں میں 8 چوکوں کی مدد سے 66 رنز بنائے ۔ کمنس کی گیند پر مارش نے ان کا کیچ لیا ۔ سریش رائنا بھی ناکام رہے ۔ انہوں نے صرف نو رن بنائے تھے اور رن آوٹ ہوگئے ۔ امباٹی رائیڈو نے بھی نصف سنچری اسکور کی ۔ انہوں نے 42 گیندوں میں چار چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 53 رن اسکور کئے ۔ ہیزل ووڈ کی گیند پر ہاڈن نے انکا کیچ لیا ۔ کپتان دھونی پہلی ہی گیند پر آوٹ ہوگئے ۔ کمسن کی گیند پر اسٹارک نے ان کا کیچ لیا ۔ اسٹیورٹ بنی کو پانچ رنوں کے انفرادی اسکور پر جانسن نے بولڈ کیا جبکہ رویندر جڈیجہ 26 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 20 رن بناکر کمسن کی گیند پر وارنر کو کیچ دے بیٹھے ۔ اکشر پٹیل پانچ رن کے اسکور پر ناٹ آوٹ رہے جبکہ آر اشون ایک رن بناکر اسٹارک کی گیند پر کمنس کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے ۔ گلین میکس ویل کو ان کی تیز رفتار سنچری پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ آسٹریلیا کی جانب سے اسٹارک ‘ جانسن ‘ ہیزل وڈ نے دو دو اور پیٹر کمنس نے تین وکٹس حاصل کئے ۔