ہندوستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف 0-3کی شکست

نئی دہلی۔13نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) خاتون زمرہ کی ہندوستانی جونیئر ہاکی ٹیم نے میزبان نیوزی لینڈ کے خلاف 6مقابلوں کی ٹسٹ سیریز کا آخری مقابلہ 2-2سے برابر تو کیا لیکن اسے سیریز میں 0-3کی شکست برداشت کرنی پڑی ہے ۔ نیوزی لینڈ کے اسٹارٹ فورڈ کے ٹی ای ٹی کے ملٹی اسپورٹس سنٹر میں منعقدہ مقابلہ میں دونوں ہی ٹیموں کی جانب سے بہترین مظاہرہ اور کامیابی کی کوشش دیکھی گئی ۔ پہلے مرحلے کے ابتدائی لمحات میں میزبان ٹیم نے فیلی سٹی ریڈی کے گول کی بدولت 1-0کی سبقت حاصل کرلی لیکن فوراً بعد ہندوستانی کھلاڑی للیما مینز نے شاندار ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مقابلے کو برابری پر لاکھڑا کیا ۔ بعد ازاں نوجوت کور نے دوسرا گول اسکور کرتے ہوئے ہندوستان کو 2-1کی سبقت دلوا دی ۔ مقابلہ کے آخری لمحات میں زرد اور سبز کارڈ نے ہندوستان کیلئے نقصان پہنچایا اور نیوزی لینڈ نے ڈینا رڈچی کی جانب سے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرتے ہوئے مقابلہ کو 2-2سے برابر کردیا ۔ سیریز میں ہندوستان کو 3ناکامیاں برداشت کرنی پڑی اور تین مقابلوں کو وہ برابری پر ختم کرنے میں کامیابی رہی ۔