آسٹریلیا اور انگلینڈ کیلئے بھی پہلے مقام پر واپسی کا موقع
18جنوری کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ونڈے
سونی سکس پر مقابلوں کی راست نشریات
دبئی۔9جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کیلئے ضروری ہے کہ وہ رواں ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلی جانے والی ونڈے سیریز میں میزبان ٹیم کو شکست دے ‘ تاکہ آئی سی سی کی درجہ بندی میں اپنا پہلا مقام باقی رکھ سکے ۔ چونکہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان بھی رواں ہفتہ ونڈے سیریز شروع ہونے والی ہے
اور ان دونوں ہی ٹیموں کیلئے موقع دستیاب ہے کہ وہ مہیندر سنگھ دھونی کی زیرقیادت ہندوستانی ٹیم سے آئی سی سی ونڈے درجہ بندی کا پہلا مقام حاصل کرلے ۔آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم فی الحال 114 درجہ بندی کے نشانات کے ساتھ دوسرے مقام پر فائز ہے اور وہ ونڈے درجہ بندی میں پہلے مقام پر فائز ہندوستانی ٹیم سے درجہ بندی کے نشانات سے صرف 6نشانات پیچھے ہے ۔ جبکہ انگلینڈ 111نشانات کے ذریعہ تیسرے مقام پر فائز ہے ۔آسٹریلیائی ٹیم نے آخری مرتبہ جولائی 2012ء کو نمبر ون مقام حاصل کیا تھا
جس کے بعد انگلینڈ نے نمبر ایک مقام حاصل کرتے ڈسمبر 2012ء تک اس پر فائز رہی ۔ آسٹریلیا اور انگلینڈ کی نمبر ایک مقام پر واپسی کا انحصار ہندوستانی ٹیم کا نیوزی لینڈ کے خلاف پنچ مقابلوں کی ونڈے سیریز میں مظاہرہ پر ہے جیسا کہ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19جنوری کو نیپیر میں سیریز کا پہلا ونڈے کھیلا جائے گا ۔ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے لئے نمبر ایک مقام پر واپسی کا موقع دستیاب ہے لیکن انہیں نہ صرف ایک دوسرے کے خلاف سیریز میں کامیابی حاصل کرنی ہوگی بلکہ ہندوستان کے خلاف نیوزی لینڈ کے بہتر مظاہرہ کے بھی اُمید کرنی ہوگی ۔ٹیموں کو علاوہ ہندوستانی ٹیم کے نائب کپتان ویراٹ کوہلی ونڈے کی درجہ بندی میں سب سے بہتر مقام حاصل کرنے والے قومی بیٹسمین ہیں جیسا کہ وہ اس درجہ بندی میں دوسرے مقام پر فائز ہیں ۔ علاوہ ازیں شکھر دھون بہتر مقام رکھنے والے دوسرے ہندوستانی کھلاڑی ہیں جو کہ 10ویں مقام پر فائز ہیں ۔
بولروں کی درجہ بندی میں رویندر جڈیجہ ہندوستان کیلئے سب سے بہتر مقام حاصل کرنے والے بولر ہیں جو درجہ بندی میں چھٹے مقام پر فائز ہے ۔ ان کے بعد روی چندرن اشون 16ویں مقام پر فائز ہیں جیسا کہ انہوں نے تازہ ترین درجہ بندی میں ایک مقام کی چھلانگ لگائی ہے ۔ونڈے کے آل راؤنڈرس کی درجہ بندی میں رویندر جڈیجہ بہتر مقام پر فائز ہیں جیسا کہ وہ دنیا کے پانچویں بہترین آل راؤنڈر ہیں ۔ دریں اثناء اسپورٹس اینڈ انٹرٹینمنٹ چینل سونی سکس نے ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان منعقدشدنی ونڈے سیریز کی نشریات کے حقوق حاصل کرلئے ہیں ۔ 19جنوری کو دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ونڈے کھیلا جارہا ہے اور اس ونڈے کے ذریعہ سونی سکس ہندوستان کے ایک ماہ طویل دورہ نیوزی لینڈ پر کھیلے جانے والے مقابلوں کی نشریات کرے گا جس میں پانچ ونڈے اور دو ٹسٹ مقابلے شامل ہیں ۔