ہندوستان کو ملائشیا کیخلاف ڈیفنس بہتر بنانا ہوگا

انٹورپ (بلجیم) ، 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) اپنے گزشتہ میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں کراری شکست کے بعد ہندوستان چاہے گا کہ اپنی دفاع کی پریشانیوں پر فوری قابو پالیا جائے جب وہ ہاکی ورلڈ لیگ سیمی فائنلس کے اپنے کوارٹرفائنل میچ میں ملائشیا کا کل یہاں سامنا کریں گے۔ انڈین ڈیفنڈرس جنھوں نے اپنے گزشتہ گروپ میچ میں ورلڈ چمپینس آسٹریلیا کو چھ گول بنانے دیئے، کل دوبارہ پھرتیلے ملائشیائی حریفوں کے ذریعے آزمائے جائیں گے جبکہ ناک آؤٹ کامپٹیشن کے ایچ سی ڈراگنس اسٹیڈیم میں شروع ہورہا ہے۔ ایشین گیمز چمپینس ہندوستان کے خلاف کل کے کوارٹرفائنل میچ کی شروعات کرتے ہوئے ملائشیا والوں کو اس حقیقت سے حوصلہ ملے گا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری میچ میں وہ دو ماہ قبل اذلان شاہ کپ میں 3-2 سے جیتے تھے۔ ہندوستان نوجوان کھلاڑیوں کو یہاں میدان پر اُتارتے ہوئے اسے ثمرآور سفر بنانے کوشاں ہیں، وہیں ملائشیا سے توقع ہے کہ وہ کل کے مقابلے میں اپنا سب کچھ جھونک دیں گے کیونکہ یہ انھیں اولمپک گیمز کیلئے کوالیفکیشن یقینی بناسکتا ہے۔ ہندوستان کا 2016ء اولمپکس کیلئے راستہ گزشتہ سال انچیون میں ایشین گیمز گولڈ میڈل جیتنے کے بعد طئے ہوگیا، جس نے انھیں کئی نوجوان کھلاڑیوں کو تجربہ دلانے کا زرین موقع فراہم کیا، لیکن وہ ڈسمبر میں ورلڈ لیگ فائنلس کی میزبانی سے قبل پوڈیم پر اختتام کیلئے بے قرار ہوں گے۔ کوچ پال وان ایس کو اس انداز پر خلش ہے جس طرح ان کے لڑکوں کو گزشتہ پریلمنری میچ میں آسٹریلیا نے حاشیہ پر ڈالے رکھا، جس میں ہندوستان 2-6 سے ہارا۔