ہندوستان کو غیرمستحکم مخلوط نہیں ، مضبوط قیادت درکار

موجودہ حکومت شرحِ ترقی بڑھانے ، غربت ہٹانے اور ملک کو ترقی یافتہ بنانے کوشاں:جیٹلی
نئی دہلی ۔16 اکتوبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کو مرکز میں مضبوط اور فیصلہ کن قیادت کی ضرورت ہے تاکہ ترقی کو فروغ حاصل ہوسکے ، غربت سے چھٹکارہ ملے اور ملک ترقی یافتہ قوم میں تبدیل ہوجائے ، وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج یہ بات کہی۔ اب جبکہ عام انتخابات آئندہ سال کے اوائل مقرر ہیں ، جیٹلی نے کہاکہ ملک کو غیرمستحکم مخلوط حکومت اور ایسے افراد کی ضرورت نہیں جن کے پاس حکومت کی پالیسیوں کے فہم کا فقدان ہے ۔ مودی حکومت کی تیز تر فیصلہ سازی سے کئی بحرانوں سے نمٹنے میں مدد ملی ہے ، جیٹلی نے یہ باتیں اسوچم کے 98 ویں سالانہ سیشن سے خطاب میں کہی ۔ انھوں نے کہا کہ آج ہندوستان کو پالیسیوں کو سمجھنے سے محروم ، حکومت کی سمت کو سمجھنے سے محروم یا غیرمستحکم مخلوط کی ضرورت نہیں ہے بلکہ ایسی حکومت اور قیادت چاہئے جس کا حکومت کی سمت کے تعلق سے قطعی واضح موقف ہو ۔ انھوں نے کہاکہ مرکز میں طاقتور اور فیصلہ کن قیادت اس لئے ضروری ہے تاکہ ہندوستان کی اونچی شرح ترقی کو برقرار رکھا جاسکے، آمدنی میں اضافہ کیا جاسکے اور بہتر انفراسٹرکچر تعمیر کیا جائے ۔ ہندوستان کو ایسی حکومت اور قیادت درکار ہے جو حکومتی پالیسیوں کے تعلق سے واضح موقف رکھے تاکہ یہ موقف ہمیں بین الاقوامی فورموں میں بہتر جگہ دلاسکے ۔ آئی ایم ایف کو دنیا میں باوقار مقام حاصل ہے جہاں ہم دو دہوں سے مسلسل اپنی پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ اگر آپ ایسا کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں تو ہم غربت کو ختم کرنے کی راہ پر چل سکتے ہیںاور شاید ہماری زندگی میں ہندوستان کو ترقی یافتہ ملک کے طورپر دیکھ پائیں گے ۔ ہندوستانی معیشت جاریہ مالی سال کے سہ ماہی اپریل ۔ جون میں 8.2 فیصد بڑھی ۔ یہ شرح 2017-18 میں 6.7فیصد تھی ۔ جیٹلی نے اپنے ویڈیو کانفرنس خطاب میں کہا کہ آپ کو فیصلہ کن حکومت درکار ہے ، آپ کو ایسی حکومت چاہئے جس کی مربوط پالیسی ہو اور جو درست سمت میں آگے بڑھنا جانتی ہو ، اور آپ کو ایسی حکومت چاہئے جو اُن عناصر پر منحصر نہ ہو جو حکومت کو اپنی چالوں کے ذریعہ گرانے کی کوشش کریں گے ۔ انھوں نے کہاکہ مرکزمیں کمزور قیادت آئی ایل اینڈ ایف ایس مسئلہ سے نمٹ نہیں سکتی تھی جس طرح موجودہ حکومت نے کیاہے ۔