ہندوستان کو ریسلنگ ورلڈ کپ میں چھٹا مقام

لاس اینجلس ۔ 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عالمی چمپیئن کے سلور میڈلسٹ امیت کمار کے بہتر مظاہرہ کی بدولت ہندوستان نے فیلامینس فری اسٹائیل ریسلنگ ورلڈ کپ میں چھٹا مقام حاصل کیا ہے ۔ہندوستان کو پانچویں اور چھٹے مقام کیلئے کھیلے گئے مقابلہ میں منگولیا کے خلاف 3-5 کی شکست برداشت کرنی پڑی جس کی وجہ سے اسے چھٹا مقام حاصل ہوا۔ منگولیا کے خلاف امیت (57 کیلو گرام) نے ہندوستان کو بہترین شروعات فراہم کی جیسا کہ انہوں نے نومی بات بولڈ کے خلاف کامیابی حاصل کی لیکن 62 کیلو گرام زمرہ اور 65 کیلو گرام زمرہ میں بالترتیب بجرنگ اور راجنیش کو شکست ہوئی جس کا ہندوستان کو نقصان اٹھانا پڑا۔

جوشنا کو ورلڈ اسکواش چمپیئن شپ میں شکست
پینانگ ۔ 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عالمی درجہ بندی میں 19 ویں مقام پر فائز ہندوستانی کھلاڑی جوشنا چنپا کو بہتر مظاہرہ کے باوجود عالمی درجہ بندی میں چوتھے مقام پر فائز انگلش کھلاڑی ایلی سن واٹرس کے خلاف وومنس ورلڈ اسکواش چمپیئن شپ کے پہلے راونڈ میں انہیں 7-11 ، 7-11 ، 11-19، 2-11 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ گذشتہ برس کے اوائل چنپا نے اپنا آٹھواں ڈبلیو ایس اے ٹور ایونٹ خطاب حاصل کیا تھا جیسا کہ انہوں نے خطابی مقابلہ میں مصر کی ہبا الترقی کو شکست دی تھی۔ دریں اثناء ہندوستان کی گیارہویں درجہ کی کھلاڑی دیپیکا پلیکل اپنا پہلے راونڈ کا مقابلہ کل انگلینڈ کی لیسا ایٹکن کے خلاف کھیلیں گی۔