دوبئی 2 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی ٹوئنٹی 20 کی درجہ بندی میں اپنا پہلا مقام برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے ہیں جبکہ گزشتہ رات بنگلور میں منعقدہ سیریز کے فیصلہ کن مقابلہ میں انگلینڈ کے خلاف کامیابی کی وجہ سے آئی سی سی کی ٹیموں کی تازہ ترین درجہ بندی میں ہندوستانی ٹیم کو ایک مقام کا فائدہ ہوا ہے جس کے بعد وہ دوسرے مقام پر پہونچ چکی ہے۔ کوہلی اور نمبر دو پر موجود آسٹریلیائی اوپنر ارون فنچ کے درمیان 28 نشانات کا فرق ہے جبکہ گلین میکس ویل تیسرے مقام پر فائز ہیں۔ کوہلی ٹسٹ میں دوسرے اور ونڈے میں تیسرے مقام پر موجود ہیں۔ انگلینڈ کے لئے جیو روٹ کی درجہ بندی میں ترقی ہوئی ہے جیسا کہ انھوں نے ہندوستان کے خلاف منعقدہ تین مقابلوں کی سیریز میں سب سے زیادہ 126 رنز بنائے جس کی بدولت وہ دو مقامات کی چھلانگ لگاتے ہوئے پانچویں مقام پر پہونچ چکے ہیں۔ یوزندرا چہل نے 92 مقامات کی چھلانگ کے ساتھ 86 واں مقام حاصل کیا۔