ہندوستان کو جونیئر25 میٹر میں 2 گولڈ میڈلس

نئی دہلی۔13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) اودے ویرسدھو نے جونیئر مرد 25 میٹر پسٹل مقابلے میں انفرادی اور ٹیم کے طور پر کوریا کے چانگوان میں کھیلی جانے والی آئی ایس ایس ایف نشانہ بازي چیمپئن شپ میں ہندوستان کی جھولی میں کھیل ختم ہونے سے ایک دن پہلے دو اور گولڈ میڈلس ڈال دیئے۔ 52 ویں آئی ایس ایس ایف عالمی چیمپئن شپ میں ہندوستان نے اب تک نو گولڈ سمیت کل 24 میڈلس جیت لئے ہیں جو اس کی عالمی نشانے بازي ٹورنمنٹ میں بہترین کارکردگی بھی ہے ۔اودے ویر نے ریپڈ فائر مرحلے میں296 کا اسکور حاصل کیا اور جملہ587 کے اسکور کے ساتھ گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ ہندوستانی نشانہ باز نے پرسیشن راؤنڈ میں291 کا اسکور کیا۔ ان کی ٹیم کے ساتھی وجے ویر سدھو 581 کے اسکور کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے جبکہ راج کنور سنگھ سندھو 568 کے اسکور کے ساتھ 20 ویں نمبر پر رہے ۔ہندوستان کے تینوں نشانے بازوں نے کل 1736 کے اسکور کے ساتھ اس مقابلے کا ٹیم گولڈ میڈل جیتا۔ ہندوستانی ٹیم چینی ٹیم سے چھ پوائنٹس آگے رہی جسے سلور میڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔دن کے دیگر مقابلوں میں25 میٹر سینٹر فائر پسٹل مرد وں کے زمرے میں ہندوستان کے گرپریت سنگھ 581 کے اسکور کے ساتھ 10 ویں نمبر پر، وجے کمار 576 کے اسکور کے ساتھ 24 ویں نمبر پر، انیش بھنوالا 576 کے اسکور کے ساتھ 25 ویں نمبر پر رہے ۔ اس مقابلے میں ہندوستانی ٹیم جملہ1733 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہ کر میڈل سے چوک گئی۔عالمی چیمپئن شپ جمعہ کو ختم ہو گی جس میں مرد اسکیٹ اور خاتون جونیئر اسکیٹ مقابلوں کے فائنل کھیلے جانے ہیں۔