ملبورن ۔ 24 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے رواں سیریز مظاہروں سے غیر مطمئن آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر میتھیو ہیڈن نے کہا ہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ہندوستانی ٹیم کو بیرون ملک کامیابی کا یقین نہیں ہے، یہی وجہ ہے کہ رواں سیریز میں اس کے شکست کے اہم اسباب میں یہ اعتماد بھی شامل ہیں۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف چار مقابلوں کی رواں سیریز میں 0-2 کا نقصان ہوچکا ہے جبکہ دوسرے ٹسٹ میں اسے تقریباً دیڑھ دن قبل ہی شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ مقامی روزنامہ دی ڈیلی ٹیلیگراف کیلئے تحریر کردہ اپنے مضمون میں ہیڈن نے ان خیالات کا اظہار کیا ہے کہ ہندوستان کی سب سے بڑی کمزوری یہ ہے کہ اسے بیرون ملک کامیابی کا یقین نہیں ہے، جیسا کہ وہ اگر دن کا آغاز کامیابی کے ساتھ بھی یا پھر مقابلہ کا آغاز ناقص طریقہ پر کرے، اسے کامیابی کا یقین نہیں ہوتا ہے۔ ڈریسنگ روم کے تنازعہ پرہیڈن نے کہا کہ ہندوستان کیلئے شکھر دھون نے تنازعہ پیدا کیا کیونکہ وہ ناکام ہونے کے خوف سے اگلی صبح بیٹنگ کا آغاز نہیں کیا تھا۔