ہندوستان کو بیرون ملک متواتر دوسری سیریز میں شکست

ہیملٹن ۔ 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مہیندر سنگھ دھونی کی زیرقیادت ہندوستانی ٹیم کو بیرونی ممالک متواتر دوسری ونڈے سیریز میں آج اس وقت شکست ہوگئی جب نیوزی لینڈ نے اپنے تجربہ کار اور سابق کپتان راس ٹیلر کی ناقابل تسخیر سنچری کی بدولت کامیابی کیلئے مطلوبہ نشانہ 11 گیندیں قبل ہی 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا اور اس کامیابی کے ذریعہ میزبان ٹیم نے 5 مقابلوں کی سیریز میں 3-0 کی ناقابل شکست سبقت حاصل کرلی ہے جبکہ سیریز کا آخری مقابلہ باقی ہے۔ کامیابی کیلئے 279 رنز کے تعاقب میں نیوزی لینڈ نے 48.1 اوورس میں 280/3 رنز اسکور کرلئے جس میں ٹیلر نے 127 گیندوں میں ناٹ آوٹ 112 رنز کی اننگز کھیلی۔

ٹیلر نے اپنی اننگز میں 15 چوکے لگانے کے علاوہ 2 اہم رفاقتوں میں بھی کلیدی رول ادا کیا جیسا کہ ٹیلر نے پہلے کین ولیمسن (60) کے ہمراہ تیسری وکٹ کیلئے 130 رنز کی پارٹنر شپ نبھائی جس کے بعد کپتان برینڈن مکالم (49 رنز ناٹ آوٹ) چوتھی وکٹ کیلئے 92 رنز کی ناقابل شکست پارٹنر شپ نبھائی۔ گذشتہ 2 مقابلوں میں بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہونے والے مکالم نے آج فارم میں واپسی کرتے ہوئے صرف 36 گیندوں میں 49 رنز اسکور کئے جس میں 4 چوکے اور 3 چھکے شامل ہیں۔ 3 چھکوں میں وہ چھکا بھی شامل ہے جب انہوں نے 49 ویں اوور کی پہلی گیند پر ورون آرون کی گیند کو باونڈری لائن سے باہر پہنچاتے ہوئے ٹیم کیلئے کامیابی کے درکار رنز مکمل کئے۔ نمبر 3 پر کین رن آوٹ ہونے سے قبل سیریز میں متواتر اپنی چوتھی نصف سنچری مکمل کی۔ علاوہ ازیں اوپنرس مارٹین گپٹل (35) اور جے سی رائیڈ (19) نے پہلی وکٹ کیلئے 7.2 اوورس میں 54 رنز جوڑتے ہوئے ٹیم کو تیز رفتار شروع فراہم کی۔ ہندوستان کیلئے محمد سمیع نے 8 اوورس میں 61 رنز اور آرون نے 6.1 اوورس میں 51 رنز دیکر فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔ اسپنرس کیلئے سازگار وکٹ پر رویندر جڈیجہ اور روی چندرن اشون نے اپنے 10 اوورس میں بالترتیب 33 اور41 رنز دینے کے باوجود وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

قبل ازیں کئی تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اترنے والی ہندوستانی ٹیم کے کپتان دھونی نے متواتر چوتھا ٹاس جیتنے کے بعد اس مرتبہ پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور روہت شرما نے 94 گیندوں میں 6 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 79 رنز اسکور کئے لیکن ان کے ساتھی اوپنر ویراٹ کوہلی (2)، اجنکیا راہنے (3)، امباٹی رائیڈو (37) اور اشون (5) کوئی بہتر مظاہرہ نہیں کرپائے لیکن دھونی نے 73 گیندوں میں 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 79 اور جڈیجہ نے 54 گیندوں میں 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 62 رنز کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی۔ ٹم ساؤتھی نے 10 اوورس میں 36 رنز کے عوض 2 وکٹیں لیں جبکہ ٹیلر کو سنچری پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ دریں اثناء ہندوستان نے آج سریش رائنا، شیکھر دھون اور ایشانت شرما کو آرام دیتے ہوئے ان کے مقامات پر رائیڈو اور اسٹیورٹ بنی کو موقع دیا جبکہ نیوزی لینڈ نے اپنے جارحانہ آل راونڈر جیمس اینڈرسن کے مقام پر جیمس نیشم کو موقع دیا۔