گلاسگو۔یکم مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم کا چمپئن چیالنج ون میں مظاہرہ مایوس کن ہے جیسا کہ پول اے کے ایک مقابلے میں قومی ہاکی ٹیم کو بلجیم کے خلاف 0-5کی شکست برداشت کرنی پڑی ہے ۔ پول کے آخری مقابلے میں بلجیم نے جہاں اپنی ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا تھا وہیں ہندوستان نے پُراعتماد مظاہرہ کیا لیکن شکست کو واضح فرق سے نہیں روک پائی ۔ گذشتہ دومقابلوں کے برعکس ہندوستانی ٹیم نے بلجیم کے خلاف مقابلے کا بہتر آغاز کیا تاہم بین الاقوامی سطح پر تجربہ کی کمی کا اسے نقصان برداشت کرنا پڑا۔ حریف ٹیم کے دفاعی دائرے کو توڑنے میں ہندوستانی کھلاڑی ناکام رہے جب کہ مقابلے کے آخری 15منٹ میں بھی بلجیم کے کھلاڑیوں نے گول اسکور کئے ۔
ہندوستانی ٹیم کی گول کیپر سویتا نے بہتر مظاہرہ کیا اور گول پر ہونے والے مسلسل حملوں کو ناکام بنایا ورنہ شکست کا فرق مزید بڑا ہوتا۔ ہندوستانی ٹیم اپنے مظاہرے سے مطمئن اس لئے ہوسکتی ہے کیونکہ اس نے مقابلے کے آغاز پر بہتر مظاہرہ کیا اور حریف ٹیم کو گول بنانے کے مواقع نہیں دیئے لیکن دوسرے نصف مرحلے میں بلجیم کی ٹیم نے انتہائی شاندار مظاہرہ کے ذریعہ پانچ گول اسکور کئے ۔ بلجیم کیلئے جیل بون نے 38ویں منٹ میں پہلا گول بناتے ہوئے ٹیم کو سبقت دلوائی جس کے صرف تین منٹ بعد لوسی ورساول نے دوسرا گول کرتے ہوئے ٹیم کی سبقت کو دوگنی کردی ۔ 64ویں منٹ پر ایما پاوریز نے تیسرا اور 69ویں منٹ میں وین لنڈیڈ نے ٹیم کیلئے چوتھا گول اسکور کیا ۔